روس کے یوکرین میں توانائی کی تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے، کیف تاریکی میں ڈوب گیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
روس کی جانب سے توانائی کی تنصیبات اور گرڈ اسٹیشنز کو ڈرون اور میزائل حملوں سے نشانہ بنانے کے بعد کیف کے بڑے حصے تاریکی میں ڈوب گئے، ان حملوں کے نتیجے میں گھروں کو بجلی اور پانی کی فراہمی منقطع ہوگئی اور دریائے دنیپرو پر میٹرو سروس رک گئی۔
نجی اخبار میں شائع برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق سردیوں کے قریب آتے ہی توانائی کے نظام کو نشانہ بنانے والے تازہ ترین بڑے حملے میں 9 خطوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوئی، اور ملک بھر میں تقریباً 8 لاکھ 54 ہزار صارفین کو عارضی طور پر بجلی سے محروم ہونا پڑا۔
جنوب مشرقی یوکرین میں ایک 7 سالہ بچہ اس وقت جاں بحق ہوگیا جب میزئل اس کے گھر سے ٹکرا گیا، جب کہ کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے۔
کیف شہر کے مرکز میں ایک رہائشی عمارت ایک میزائل کے ٹکڑے سے متاثر ہوئی، جب کہ دنیپرو کے بائیں کنارے پر میٹرو بند ہونے کے باعث لوگ بس اسٹاپس پر انتظار کر رہے تھے اور پانی کی تقسیم کے مراکز پر بوتلیں بھرنے کے لیے قطاریں لگائے کھڑے تھے۔
لیوبا نامی ایک بزرگ خاتون نے پانی بھرتے ہوئے کہا کہ ہم بالکل نہیں سوئے، رات ڈھائی بجے سے بہت شور تھا، ساڑھے 3 بجے تک بجلی، گیس، پانی کچھ بھی نہیں تھا۔
یوکرینی فضائیہ نے کہا کہ اس نے 465 ڈرونز میں سے 405 اور 32 میزائلوں میں سے 15 کو مار گرایا۔
ماسکو کا کہنا ہے کہ اس کے رات بھر کے حملے یوکرین کی جانب سے روسی شہری تنصیبات پر حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
یوکرین کی وزیرِاعظم یولیا سِوریڈینکو نے کہا کہ یہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے سب سے شدید حملوں میں سے ایک تھا، ان کے نائب اولیکسی کولیبا نے بتایا کہ کیف میں 20 لاکھ صارفین کو عارضی طور پر پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یوکرین کے صدر ولاودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس کا مرکزی ہدف سردیوں سے پہلے شہری اور توانائی کا بنیادی ڈھانچہ ہے، اور انہوں نے اپنے اتحادیوں سے مزید مدد کی اپیل کی۔
انہوں نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ’ہمیں نمائشی اقدامات نہیں بلکہ امریکا، یورپ اور جی 7 کی جانب سے فضائی دفاعی نظام کی فراہمی اور پابندیوں کے نفاذ میں فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے‘۔
یوکرین کی وزیرِتوانائی سویتلانا گرینچک نے جی 7 ممالک کے سفرا سے ملاقات کی تاکہ یہ بات چیت کی جاسکے کہ اتحادی ممالک مزید حملوں سے ملک کا دفاع کرنے اور نقصان کے بعد بحالی میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں۔
نجی توانائی کمپنی ’ڈی ٹی ای کے‘ نے کہا کہ اس کے تھرمل پاور پلانٹس کو شدید نقصان پہنچا ہے، حکومت نے کہا کہ دارالحکومت میں پانی کی فراہمی رات تک بحال کیے جانے کی توقع ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کی فراہمی نے کہا کہ پانی کی
پڑھیں:
عراقی کردستان: خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، پاور اسٹیشنز کی گیس سپلائی معطل
عراقی کردستان کے خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور کئی ملازمین زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد گیس فیلڈ پر کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق حملے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور نقصان کے جائزے کا عمل جاری ہے۔
وزارت قدرتی وسائل اور بجلی نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔