سیاسی انتشار ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، کاشف سعید شیخ
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر صوبائی امیر نے کہا کہ کے پی اور پنجاب میں کشیدہ صورتحال جمہوری قوتوں کے مفاد میں نہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے بڑھتے ہوئے سیاسی انتشار کو ملک و قوم کیلئے تباہی قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ سیاسی قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتشار اور سیاست کو بند گلی سے نکال کر صحیح راستے پر ڈالنے کیلئے کردار ادا کرے، کے پی اور پنجاب میں کشیدہ صورتحال جمہوری قوتوں کے مفاد میں نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نئے تعمیر شدہ دفتر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سکھر ریجن ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن، ڈائریکٹر ہیلتھ سکھر ریجن نصراللہ شیخ، امیر جماعت اسلامی ضلع لاڑکانہ ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو، الخدمت کے صدر مولانا یعقوب کمبوہ اور رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
کاشف سعید شیخ نے کہا کہ صوبائی حکومت سندھ میں بدامنی اور غربت کا خاتمہ کرکے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرکے اپنا فرض پورا کرے، ہم الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے سندھ کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کراچی سمیت سندھ میں ڈینگی کے کیسز میں تشویشناک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوام میں آگاہی سمیت اس پر قابو پانے کیلئے فوری اور غیر متشدد اقدامات کیے جائیں اور مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
گلگت بلتستان انتخابات کو متنازع بنانے کی ہر کوشش جمہوریت کے خلاف ہے، حلیم عادل شیخ
صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کو متنازع بنانے کی کسی بھی کوشش سے گریز کیا جائے اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا ووٹ آزادانہ طور پر استعمال کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور کسی قسم کی مداخلت یا دباؤ جمہوری اقدار کے منافی ہوگا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا راستہ صرف آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات سے ہو کر گزرتا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی روایت نے ماضی میں پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحرانوں سے دوچار کیا، اس لیے ضروری ہے کہ عوام کے فیصلے کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات میں عوام نے اپنا واضح فیصلہ دیا تھا، تاہم عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے اور اس پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلانے کے مساوی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے دباؤ، جانبداری اور غیر ضروری مداخلت سے پاک رکھا جائے تاکہ عوام اپنی مرضی کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں گے، عوام کا فیصلہ ہی جمہوریت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے انتخابات میں عوامی حمایت کے ساتھ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور عوامی خوشحالی ممکن نہیں، لہذا تمام متعلقہ حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ انتخابات مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ ہوں اور عوام کے مینڈیٹ کا ہر صورت احترام کیا جائے۔