لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 8 خوارج ہلاک، اسلحہ و بارود برآمد
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کے دوران 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی 16 اکتوبر کو کی گئی، جو دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں میں ایک بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن اس وقت کیا گیا جب انٹیلیجنس رپورٹس میں افغان طالبان کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ خوارج کی نقل و حرکت کا سراغ ملنے پر فورسز نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں فضائی و زمینی نگرانی کا دائرہ بڑھایا اور فوری ایکشن لیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جس سے ممکنہ بڑی تباہی کو بروقت روکا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی صرف ایک واقعہ تک محدود نہیں بلکہ گزشتہ چار دنوں کے دوران افغان سرزمین سے بھیجے گئے مجموعی طور پر 102 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو پہنچنے والے زبردست نقصان کی عکاسی کرتے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اسلام آباد اور ایف سی ہیڈکوارٹرز دھماکوں میں مماثلت ہے، آئی جی کے پی
فائل فوٹوآئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی سرحدپار ہوئی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز دھماکوں میں مماثلت ہے، منظم گروہ دہشت گردوں کو ٹارگٹ تک پہنچانے میں سہولت کاری کر رہا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ دونوں واقعات میں دہشت گردوں تک خودکش جیکٹس اور بارودی مواد پہنچانے میں یکساں حکمت عملی اپنائی گئی۔
حملہ آوروں کی رحمان بابا قبرستان سے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز تک آمد کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے، تفتیشی ٹیم سہولت کار کا کھوج لگانے میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز میں خودکش دھماکے میں 3 اہلکار شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش دھماکے کے تینوں دہشت گردوں کی افغان شہریت ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔