ویمنز ورلڈ کپ، بھارت کو 4 رنز سے شکست، انگلینڈ سیمی فائنل میں
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے بھارت کو 4 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
اندور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 20 میچ میں انگلینڈ نے میزبان بھارت کو دلچسپ مقابلے کو بعد شکست سے دوچار کیا ہے۔
ویمنز انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 288 رنز بنائے لیکن بھارتی ٹیم 284 رنز تک محدود رہی۔
انگلش ٹیم کی ہیتھر نائٹ نے 109 کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کو آخری اوورز میں 14 رنز درکار تھے لیکن وہ صرف 9 ہی رنز بنا سکی۔
بھارت کی طرف سے سمرتی مندھانا نے 88، ہرمین پریت کور نے 70 اور دپتی شرما نے 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی پرفارمنس ٹیم کو جیت کا حق دار نہ بنا سکی۔
انگلش ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ میں فتح کے ساتھ ہی سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی، اس سے قبل آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
سیمی فائنل کی دوڑ میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں تاحال موجود ہیں، جن کے 5،5 میچز کے بعد 4،4 پوائنٹس ہیں اور ان دونوں ٹیموں کا باہمی میچ بھی باقی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: سیمی فائنل میں
پڑھیں:
ویمنز ورلڈ کپ: جنوبی افریقا کی سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت ہوا، بارش کے سبب میچ کو فی اننگز 20 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پہلے سری لنکا نے بیٹنگ شروع کی تو 12 اوورز کے خاتمے پر میدان کو بارش نے آ لیا، اُس وقت سری لنکا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 46 رنز بنائے تھے۔
کئی گھنٹے کے انتظار کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو فی اننگز 20 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس میں سری لنکن بیٹرز نے 7 وکٹ پر 105 رنز اسکور کیے۔
وشمی گونا رتنے نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ مالابا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 121 رنز کا ہدف ملا جو اوپنرز کپتان لارا وولوارٹ اور تزمین برٹس نے 15 ویں اوور میں حاصل کر کے ٹیم کو 10 وکٹ سے فاتح بنوا دیا۔