اس سال پاکستانیوں کی گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کیا چیز رہی؟
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: گوگل نے 2025 میں پاکستانی صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی تفصیلی فہرست جاری کر دی ہے۔
کمپنی کے مطابق جس میں کرکٹ سے ٹیکنالوجی اور روزمرہ رہنمائی سے لے کر ڈراموں تک مختلف شعبوں کے رجحانات شامل ہیں۔ سال بھر میں کھربوں سرچز میں سے وہ موضوعات چُنے گئے جن کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
کرکٹ بدستور پاکستانیوں کی دلچسپی میں سرفہرست رہا۔ سب سے زیادہ سرچ ہونے والی اصطلاح “پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا” رہی، جبکہ پی ایس ایل، ایشیا کپ، پاک-بھارت اور دیگر بڑی ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے ٹاپ دس میں شامل رہے۔
ایتھلیٹس کی کیٹیگری میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما پاکستانی صارفین کی سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنے، جبکہ حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب سمیت متعدد نوجوان کرکٹرز بھی نمایاں سرچز میں شامل رہے۔
لوکل نیوز میں عوام کی توجہ معاشی اور انتظامی معاملات پر مرکوز رہی۔ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری سال کی سب سے بڑی ٹرینڈنگ سرچ رہی، جبکہ کراچی فلڈز، آسان کاروبار کارڈ، امتحانی نتائج، دریائے چناب کی صورتحال، لیپ ٹاپ اسکیم اور سونے کی قیمتیں بھی مسلسل سرچ کی جاتی رہیں۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں گوگل جیمنائی سب سے نمایاں رہا، جس کے بعد آن لائن ایپس اور اے آئی ٹولز جیسے تماشا، ڈیپ سیک، مائی کو، گوگل اے آئی اسٹوڈیو، Claude اور گروک ٹاپ سرچز کا حصہ بنے۔ آئی فون 17 اور نان فنجیبل ٹوکن بھی پاکستانی صارفین کی دلچسپی میں شامل رہے۔
ریسیپیز میں اس سال سینڈوچ بنانے کی تراکیب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ فوڈ فیوژن، کوئینا، ڈو، میٹھے پکوان، مٹن اور سوپ ریسیپیز بھی بڑی تعداد میں سرچ کی گئیں۔
ہاؤ ٹو کیٹیگری میں روزمرہ مسائل کے حل کی تلاش نمایاں رہی۔ سب سے زیادہ سرچ یہ تھا کہ کراچی کا ای چالان کیسے چیک کیا جائے۔ اس کے بعد انسٹاگرام میسجز کو اَن سینڈ کرنے کا طریقہ، کار انشورنس اور کرپٹو و اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی رہنمائی، کریڈٹ کارڈ اپلائی کرنے کا طریقہ اور موبائل سے پرنٹ نکالنے جیسے موضوعات نمایاں رہے۔
ڈراموں میں پاکستانی مواد کی مقبولیت برقرار رہی۔ جیو کا ڈرامہ “شیر” سب سے زیادہ سرچ ہونے والا ڈرامہ ثابت ہوا، جبکہ “آس پاس” اور “ڈائن” بھی نمایاں سرچز میں شامل رہے۔
گوگل کی سالانہ فہرست کے مطابق پاکستانی صارفین کے رجحانات کھیل، ٹیکنالوجی، تعلیمی اور معاشی صورتحال کے گرد گھومتے رہے، جبکہ تفریح اور کھانے کی تراکیب بھی مسلسل دلچسپی کا حصہ بنی رہیں۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پاکستانی صارفین سب سے زیادہ سرچ میں شامل رہے
پڑھیں:
لاہور کی فضائی کیفیت میں گزشتہ سال کی نسبت نمایاں بہتری ریکارڈ
لاہور:ماحولیاتی نگرانی سے متعلق ائیر انشیٹو ادارے کے تجزیے کے مطابق رواں برس نومبر میں لاہور کی فضائی کیفیت میں گزشتہ سال کی نسبت نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نومبر میں ایک بھی دن ایسا نہیں آیا جب مجموعی فضائی آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد یعنی 300 سے اوپر پہنچی ہو، جبکہ گزشتہ نومبر میں اس کی شرح مسلسل کئی روز تک برقرار رہی تھی۔
ائیرکوالٹی انشیٹو کی نمائندہ مریم شاہ کے مطابق 2025 کے نومبر میں روزانہ کی اوسط آلودگی 237 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی، جو گزشتہ سال کی بلند ترین سطح 539 مائیکروگرام سے 56 فی صد کم ہے۔ اسی طرح ماہانہ اوسط میں بھی 37 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ کم ہو کر 181 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک آ گئی ہے۔ سالانہ بنیاد پر بھی فضائی آلودگی میں مجموعی طور پر تقریباً 15 فی صد کمی بتائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار شدید آلودگی کے وہ عوامل نظر نہیں آئے جنہوں نے شہر کو طویل عرصہ تک دھوئیں اور دھند کی آڑ میں رکھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی میں موسم نے بھی اپنا کردار ادا کیا، جہاں بہتر ہواؤں اور فضا میں مکسنگ سے آلودگی کے جمع ہونے کی شرح کم رہی۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ بلند ترین آلودگی والے دن ختم ہوئے، مگر مجموعی آلودگی کی بنیادی سطح اب بھی تشویش ناک ہے۔
مریم شاہ کے مطابق ماہِ نومبر کے تمام 30 دن پنجاب کے ماحولیاتی معیار کے مقابلے میں غیر محفوظ رہے، جہاں صحت کے لیے قابل قبول حد 35 مائیکروگرام فی مکعب میٹر مقرر ہے۔ اس تناظر میں ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال کی بہتری حوصلہ افزا ضرور ہے، مگر اسے مستقل رجحان ثابت کرنے کے لیے آئندہ برسوں کے اعداد و شمار زیادہ اہم ہوں گے۔ اگر یہ مثبت سلسلہ جاری رہا تو حکومتی اقدامات کے اثرات واضح ہوں گے، بصورت دیگر موسم اور دیگر عوامل کی حقیقی نوعیت کو نئے سرے سے سمجھنا ہوگا۔