ریاستی درجے کی بحالی عوام کے مفاد میں ہے، نشنل کانفرنس
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
جگجیت سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں (اقتدار میں) رہ کر عوام کے کام نہیں ہو رہے ہیں، اس بات کا نیشنل کانفرنس کی قیادت کو اعتراف ہے، تاہم لیڈر شپ محدود اختیارات میں رہ کر بھی بہت حد تک کام کریگی۔ اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر و سابق رکن اسمبلی ترال ڈاکٹر غلام نبی بٹ طویل علالت کے بعد گذشتہ روز پہلی مرتبہ ترال پہنچے۔ اس موقعے پر ان کے ساتھ موجود پارٹی کارکنان نے اونتی پورہ سے ترال تک ایک ریلی کا اہتمام کیا۔ اس دوران انہوں نے پہلے خانقاہ فیض پناہ ترال میں حاضری دی اور اس کے بعد اپنے مرحوم والد محمد سبحان بٹ کے مقبرے پر فاتحہ خوانی کی اور بعد ازاں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں سے بات چیت کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ترال کے جملہ مسائل کو لے کر وہ سرگرم رہیں گے اور انہیں حل کرنے کی اپنی پوری کوشش کریں گے۔ اس موقعے پر پارٹی کارکنان نے نیشنل کانفرنس اور ڈاکٹر غلام نبی بٹ کے حق میں نعرے بازی کی۔
اپنے خطاب میں جنید رشید نے بتایا کہ ڈاکٹر غلام نبی بٹ کی صحتیابی پر اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا اور جس طرح ورکروں نے جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ترال میں نیشنل کانفرنس مضبوط ہے، البتہ جو لوگ پارٹی میں خلل ڈالنے کی کوشش کریں گے وہ اس کا خمیازہ بھگتیں گے، جبکہ ترال میں عنقریب یوتھ باڈی بھی تشکیل دی جائے گی۔ اس موقعے پر محمد عبداللہ ڈار، محمد اشرف راتھر، انجینیئر ایم کانٹرو اور دیگر سینیئر عہدیدار بھی موجود تھے۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے لیڈر جگجیت سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں (اقتدار میں) رہ کر عوام کے کام نہیں ہو رہے ہیں، اس بات کا نیشنل کانفرنس کی قیادت کو اعتراف ہے، تاہم لیڈر شپ محدود اختیارات میں رہ کر بھی بہت حد تک کام کرے گی اور اگر ریاستی درجہ بحال ہوتا ہے تو پھر تمام وعدے پورے ہوں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نیشنل کانفرنس
پڑھیں:
حریت وفد کی تنویر الیاس سے ملاقات
ذرائع کے مطابق وفد نے سابق وزیراعظم کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے ایک وفد نے کنونیر غلام محمد صفی کی قیادت میں آج اسلام آباد میں سابق وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وفد نے سابق وزیراعظم کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے انہیں درخواست کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے قومی اور عالمی سطح پر اپنا کردار جاری رکھیں تاکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ حریت وفد نے کشمیر کاز کے لیے سردار تنویر الیاس کی قابلِ قدر خدمات اور مہاجرین کشمیر کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ وفد نے انہیں 10 دسمبر 2025ء کو کوٹلی آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے میں خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ سردار تنویر الیاس کو اسلام آباد اور مظفرآباد میں حریت کانفرنس کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کی بھی دعوت دی گئی۔
سردار تنویر الیاس نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر میری رگوں میں دوڑتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ کشمیر کاز کے لیے حریت کانفرنس کے شانہ بشانہ بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بہادر کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی تسلط سے کشمیر کی آزادی تک کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔
دریں اثناء یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں حریت قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ اور دیگر رہنما شامل تھے۔ حریت قیادت نے وفد کو دفتر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ کشمیر کاز کو جس ذمہ داری اور موثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے درمیان قریبی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ آپ بھی ہماری طرح تحریک کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں۔ یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف وانی، جنرل سیکریٹری نعیم الاسد اور دیگر نمائندگان نے موجودہ صورتحال پر کل جماعتی حریت کانفرنس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کشمیری صحافیوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی و بین الاقوامی میڈیا ہائوسز کے ساتھ روابط استوار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کل جماعتی حریت کانفرنس کو اپنا مضبوط میڈیا ونگ قائم کرنا چاہیے۔
کنوینر غلام محمد صفی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس محض ایک فورم ہے، لیکن ہمارا اصل مقصد تحریکِ آزادیِ کشمیر کو تقویت پہنچانا اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹیز، کالجز اور عوامی اجتماعات میں جا کر لوگوں کو مسئلہ کشمیر کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ ہم مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل چاہتے ہیں۔ ہم قسطوں میں تقسیم شدہ حل کے قائل نہیں۔ ہمارا موقف سہ فریقی مذاکرات ہے، دوطرفہ مذاکرات مسئلے کا حل نہیں۔ ہم اس ملک کی ثالثی قبول نہیں کریں گے جو بھارت کا قریبی شراکت دار ہو۔ ثالثی صرف وہ ملک کرے جو غیر جانبدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقیاتی پیکجز نہیں چاہتے، ہمیں صرف حقِ خودارادیت چاہیے۔