کراچی: بن قاسم موڑ کے قریب آگ، درخت اور گھریلو سامان جل کر خاکستر
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
کراچی کے علاقے پورٹ قاسم، بن قاسم موڑ کے قریب جمعہ کی صبح لگنے والی آگ نے درختوں، ایک گھر اور اسکریپ کے پرانے گودام کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں گھریلو سامان سمیت متعدد درخت جل کر خاکستر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق درختوں میں آگ بھڑکنے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں۔ ترجمان فائربریگیڈ کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز نے تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اسکریپ کے پرانے گودام میں نشے کے عادی افراد موجود تھے اور غالب امکان ہے کہ انہی میں سے کسی کی لاپرواہی کے باعث آگ بھڑکی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔ شعلے گودام سے نکل کر قریبی درختوں اور ایک رہائشی گھر تک پہنچ گئے۔
حادثے میں گھر کا قیمتی سامان جل گیا جبکہ گودام پہلے ہی خالی تھا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی میں تیز رفتار مسافر کوچ نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا
کورنگی جام صادق پل کے قریب تیز رفتار کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جام صادق پُل کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ نے موٹرسائیکل سوار کو روند دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شناخت نہیں ہوسکی جبکہ عمر تقریباً 45 سال کے قریب بتائی گئی۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد نے ذمہ دار ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا محمد علی نیازی نے بتایا کہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔
تاہم پولیس متوفی کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔ انھوں ںے بتایا کہ حادثہ بلال کوچ کی ٹکر سے پیش آیا ہے جس کے ڈرائیور عبدالسلام کو پولیس نے گرفتار کر کے کوچ کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ متوفی کی موٹر سائیکل بھی پولیس کی تحویل میں ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔