حکومت مدارس و مساجد کے امور میں دخل اندازی نہیں کرے گی، وزیر داخلہ کی علمائےاہلسنت کو یقین دہانی
اشاعت کی تاریخ: 21st, October 2025 GMT
کراچی : وفاقی حکومت نے مساجد اور مدارس کے امور میں دخل اندازی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ممتاز علمائے اہلسنت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ماضی قریب میں رونما ہونے والے واقعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ علمائے کرام نے مختلف مسائل پر وزیرداخلہ کواپنا مؤقف پیش کیا۔
وزیرداخلہ نے علما کا مؤقف سنا اور تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں بہت جلد اسلام آباد میں تفصیلی نشست کے اہتمام اور تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھاکہ مدارس و مساجد کے امور میں حکومت کوئی دخل نہیں دے گی، فوکل پرسن فریقین کے درمیان رابطے کے لیے ہر وقت موجود ہوگا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
جو اسلحہ اٹھائے گا، کارروائی ہوگی، کسی خاص تنظیم کے خلاف نہیں، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کسی مخصوص تنظیم کے خلاف نہیں بلکہ ہر اُس گروہ کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جو مسلح ہو یا قانون کو ہاتھ میں لے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ صرف ایک جماعت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاجو اسلحے کے ساتھ آئے گا، اُس کے خلاف کارروائی ہوگی، خواہ وہ کوئی بھی ہو۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ چندے کے نام پر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے، اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کراچی کے امن و امان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت شہر کی ترقی اور سیکیورٹی کے لیے پوری طرح سرگرم ہے، تمام رکاوٹیں جلد دور کر دی جائیں گی۔
گورنر سندھ نے وزیر داخلہ کو “سب کا محسن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تعاون مثالی ہے اور کراچی کے مسائل کے حل میں وہ بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بھی وزیر داخلہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ وفاقی حکومت ایم کیو ایم کو اہمیت دے رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے قبل محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کی، جس میں ڈاکٹر فاروق ستار اور امین الحق بھی شریک تھے۔ ملاقات میں کراچی کی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے گورنر ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔