چینی مزید مہنگی، فی کلو قیمت 210 روپے تک جا پہنچی
اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT
ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہ رک سکا۔ حکومتی اقدامات اور مانیٹرنگ کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی مزید مہنگی ہوگئی، جس کے بعد ملک میں فی کلو چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت210 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کی تازہ رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں اوسطاً 3 روپے 77 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک ہے، جہاں چینی کی فی کلو قیمت10 روپے بڑھ کر 210 روپے تک پہنچ گئی ہے — جو پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان اور بنوں میں چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ کراچی میں قیمت 195 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 81 پیسے ہے، جو گزشتہ ہفتے 185 روپے 4 پیسے تھی۔ حیرت انگیز طور پر ایک سال قبل یہی چینی اوسطاً 134 روپے 8 پیسے فی کلو میں دستیاب تھی — یعنی صرف ایک سال میں قیمت میں50 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نہ صرف سپلائی چین میں بے ضابطگیوں بلکہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کا نتیجہ ہے، جبکہ حکومتی سطح پر کیے جانے والے اقدامات ابھی تک خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: فی کلو قیمت چینی کی
پڑھیں:
فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ
سونے کی قیمت میں تاریخی اضافے کے بعد اب فی تولہ سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فی تولہ سونا 2000 روپے سستا ہو گیا۔ فی تولہ سونا 4 لاکھ 31 ہزار 862 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1714 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 70 ہزار 252 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 20 ڈالر کی کمی سے 4095 ڈالر ریکارڈ ہوئی۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 43 روپے کی کمی سے 5067 روپے ہو گئی۔