فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کی مصری صدر سے ملاقات قاہرہ کے اتحادیہ صدارتی محل میں ہوئی ہے، جس میں پاک مصر دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتِ حال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک مصر طویل المدتی دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر مصری صدر السیسی نے عالمی اور امتِ مسلمہ کے اہم معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔
فریقین نے باہمی اسٹریٹجک مفادات پر مبنی قریبی رابطوں اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اتفاق کیا کہ سماجی و معاشی تعاون، ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ اشتراکِ عمل کو بڑھایا جائے گا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پڑھیں:
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب، گارڈ آف آنر پیش
جی ایچ کیو میں "چیف آف ڈیفنس فورسز کے اعزاز میں گارڈ آف آنر" کی تقریب منعقد ہوئی۔
پروقار تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو تینوں مسلح افواج کے دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
یہ تقریب بطور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف اور چیف آف ائیر اسٹاف سمیت اعلیٰ عسکری افسران بھی شریک تھے۔
اعزازی دستے کی جانب سے مہمان خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی گئی، مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزازی دستے کا معائنہ بھی کیا۔