ضلع سکھر بھر میں بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلیے یوم سیاہ منایا گیا
اشاعت کی تاریخ: 28th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
251028-05-1
سکھر (نمائندہ جسارت) ملک بھر کیطرح ضلع سکھر میں بھی 27 اکتوبر کو کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ‘‘یومِ سیاہ’’ منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار اور بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میونسپل اسٹیڈیم سکھر سے شروع ہو کر پریس کلب سکھر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ، وکلا ، سیاسی و سماجی کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور نے کہا کہ پورے ملک کی طرح سکھر میں بھی ‘‘یومِ سیاہ’’ منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ جب تک انہیں ان کا حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہوتا، ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کشمیری عوام
پڑھیں:
یومِ سیاہ کے موقع پر کے پی حکومت کا کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار
یومِ سیاہ کے موقع پر کے پی حکومت نے بھی بھارتی مظالم کیخلاف کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا یومِ سیاہ کے موقع پر کہنا تھا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کا آغاز کیا۔ بھارتی فورسز کے ظلم و جبر کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، ہم ان کی جدوجہدِ آزادی میں شانہ بشانہ ہیں۔ عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلائے۔
محمد سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام دیا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔، بھارتی قبضہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ آج کا دن اس غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بدترین بھارتی ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حقِ خود ارادیت دلوانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔
گورنر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام، کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ ظلم ہمیشہ کے لیے غالب نہیں رہ سکتا، کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔