پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے منافع بخش مواقع موجود ہیں،رضوان سعید شیخ
اشاعت کی تاریخ: 15th, November 2025 GMT
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کا دورہ کیا اور ریاست کی سب سے بڑی کاروباری تنظیم کنیکٹیکٹ بزنس اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن ”سی بی آئی اے” کے سی ای او کرس ڈی پنٹیما اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔
سی بی آئی اے سے وابستہ مختلف صنعتوں کے ہزاروں ادارے ریاست میں معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مسابقتی کاروباری ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت ظہیر شرف بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران پاک،امریکہ معاشی تعلقات، پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے منافع بخش کاروباری امکانات، پاکستان کے تذویراتی محلِ وقوع، اے آئی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت، اور مختلف صنعتی شعبوں میں دستیاب مواقع پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر پاکستان نے بتایا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور معاشی بنیادوں پر تذویراتی تعلقات کا فروغ دونوں ملکوں کی قیادت کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اے آئی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کے لیے نادر مواقع موجود ہیں جبکہ 65 فیصد نوجوان آبادی ٹیکنالوجی اور اے آئی میں مہارت کے لیے غیر معمولی استعداد رکھتی ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کی وافر افرادی قوت، کاروبار دوست حکومتی پالیسیاں اور تذویراتی محلِ وقوع ملک کو سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل بناتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا مظہر ہے، جبکہ 80 سے زائد امریکی کمپنیاں کئی دہائیوں سے پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں۔
سفیر پاکستان نے ریاست کنیکٹیکٹ کی صنعتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی سرمایہ کاروں کو اے آئی، ڈیجیٹل اکانومی، مینوفیکچرنگ، توانائی، ہوابازی، طبی آلات اور میڈیسن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کا قیام سرمایہ کاروں کے لیے حکومتی عزم کا واضح اظہار ہے۔
سی بی آئی اے کے سربراہ نے پاکستان میں دستیاب کاروباری مواقع پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ سفیر پاکستان نے امریکی کاروباری اداروں کو پاکستانی متعلقہ اداروں سے جوڑنے اور کاروبار کے قیام میں ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی کرائی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پاکستان میں اے آئی کے لیے
پڑھیں:
امریکی ناظم الامور کی ملاقات: آئی ٹی‘ دھاتوں میں سرمایہ کاری بڑھائیں‘ اسحاق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی بین الوزارتی اجلاس ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تجارتی حکمت عملی، معاشی سفارتکاری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان اور یورپی یونین دونوں کیلئے ایک باہمی فائدہ مند فریم ورک ہے۔ تجارت اور معاشی سفارتکاری کو مضبوط بنانا ملک کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے۔ اجلاس میں معاون خصوصی طارق باجوہ اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے شرکت کی۔ سیکرٹری کامرس، سیکرٹری انسانی حقوق، متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ادھر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پا ک-امریکا دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم نے آئی ٹی اور کریٹیکل منرلز کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان میں امریکی کمپنیوں کی بڑھتی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ جبکہ غزہ میں جاری امن کوششوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے مشترکہ مقاصد کے لیے رابطوں کے تسلسل پر اتفاق کیا۔