پاکستان غیر قانونی ہجرت کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کیساتھ ہے: طلال چوہدری
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
اسلام آباد: (نیوزڈیسک) وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان غیر قانونی ہجرت کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔پاکستان میں تارکین وطن کی سمگلنگ کے سدِباب پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ مہاجرین کی سمگلنگ ایک عالمی چیلنج ہے، اس کا حل صرف مربوط حکمتِ عملی اور معلومات کے تبادلے سے ممکن ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں محفوظ اور قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ کانفرنس میں 30 ممالک کے نمائندوں کی شرکت ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
یاد رہے کہ کانفرنس وزارت داخلہ نے UNODC اور IOM کے اشتراک سے بین الاقوامی شراکت کے تحت منعقد کی۔
بین الاقوامی شراکت داروں نے پاکستان کی کوششوں کی ستائش کی اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی، کانفرنس کے دوران انسانی سمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات اور بہترین تجربات کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کانفرنس سے قبل اقوام متحدہ دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے علاقائی نمائندہ برائے افغانستان، وسطی ایشیا، ایران اور پاکستان ڈاکٹر اولیور اسٹولپ سے ملاقات کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔