26 نومبر احتجاج کے مقدمات میں ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
اسلام آباد:
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج، آزادی مارچ اور دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
تھانہ سنگجانی میں درج آزادی مارچ کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث کوئی اہم پیش رفت نہ ہو سکی۔ عدالت نے پیش ہونے والے ملزمان کی حاضری لگانے کے بعد مقدمہ کی مزید کارروائی 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ آبپارہ، کوہسار اور ترنول میں درج مقدمات کی بھی سماعت ہوئی۔ غیر حاضر ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان کو طلب کرنے کا حکم دیا۔ ان تینوں مقدمات کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمات میں عدالت نے استغاثہ کے دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت یہ مقدمات درج ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
26نومبر احتجاج؛ دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے خارج کرنے کی علیمہ خان کی درخواست مسترد
راولپنڈی(ویب ڈیسک)تھانہ صادق آباد کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے خارج کرنے کی علیمہ خان کی درخواست مسترد کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سنایا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پولیس نے دہشت گردی دفعہ 7 اے ٹی اے درست لگائی، تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر احتجاج مقدمہ کا انسداد دہشت گردی عدالت میں ٹرائل ہوگا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیار کا ہے اور دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے درست اور دائرہ اختیار بھی درست ہے۔
وکیل صفائی فیصل ملک کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ علیمہ خان احاطہ کچہری سے باہر آگئیں۔
عدالت نے آئندہ تاریخ پر سرکاری گواہان کو طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔