بجٹ 2025-26: ٹیکس ہدف میں اضافہ،گاڑیوں پر ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی تجویز
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
نئے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس ہدف 14 ہزار 305 ارب رکھنے کے علاوہ گاڑیوں سمیت کئی دیگر سیکٹرز میں ٹیکسز میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ٹیکس تجاویز پر مشاورت جاری ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ نئے بجٹ میں گاڑیوں اور پرزہ جات پر ٹیکسز میں کمی کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ پرزہ جات پر موجودہ 2 فیصد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کو صفر کیا جائے گا۔ 4 سے 7 فیصد والے سلیب میں بھی بتدریج کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح گاڑیوں پر 15 سے 90 فیصد عائد ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی تجویز بھی ہے۔ علاوہ ازیں برآمدات 5 ارب ڈالر بڑھانے کے لیے صنعتی خام مال پر ٹیکس میں کمی متوقع ہے۔ صنعتی خام مال اور نیم تیار شدہ اشیا پر ڈیوٹیز میں کمی کا پلان زیرغور ہے۔ ان شعبوں میں ٹیکسٹائل، کیمکلز، آٹو پارٹس، پلاسٹک، کیمکلز، لوہا، اسٹیل انڈسٹری شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اگلے سال ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 14 ہزار 305 ارب رکھنے کی تجویز ہے۔ منصوبے کے مطابق قوانین کے نفاذ سے 600 ارب، نئے اقدامات سے 400 ارب ملنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے ریونیو میں اضافے کے لیے معیشت کو دستاویزی بنانے پر زور دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی یکم جولائی 2025 سے شروع ہوگی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اسٹیٹ بینک نے جشن معرکۂ حق کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کردیا
کراچی:وفاقی حکومت معرکۂ حق میں مسلح افواج کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور جشنِ آزادی کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کر رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے والا سکہ دھاتی ساخت، خوب صورت شکل اور خصوصیات کا حامل ہے۔
سکے کی دھاتی ساخت میں نکل اور پیتل، تانبہ 79 فیصد، زنک 20 فیصد اور نکل ایک فیصد ہے، اس کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے۔
سکے کے سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے، ستارے اور ہلال کے اوپر سکّے کے کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔
چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں اجرا کا سال 2025 درج ہے، ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکّے کی مالیت جلی اعداد میں ’’75 ‘‘ اور اردو رسم الخط میں ’’روپیہ‘‘ تحریر ہے۔
سکے کے پچھلے رخ پر وسط میں اردو میں ’’معرکۂ حق‘‘ اور ہندسوں میں ’’2025 ‘‘کے الفاظ درج ہیں، سکّے کے بالائی کناروں پر اردو میں ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ رقم ہے، سکّے کے پچھلے رخ پر (دائیں اور بائیں جانب) دو لڑاکا طیارے، بحری جہاز، ملٹی پل راکٹ لانچر سسٹم ابھرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
مذکورہ سکہ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز پر 15 اگست 2025 سے دستیاب ہے۔