مری میں شدید آندھی و طوفان، درخت اور بجلی کی تاریں گرنے سے نظام زندگی متاثر
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
ملکہ کوسار مری اور گردونواح میں شدید آندھی اور طوفانی بارش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا۔ تیز ہواؤں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ کر سڑکوں پر آ گرے، جس سے آمد و رفت میں شدید رکاوٹ پیدا ہو گئی۔
طوفان کے باعث مری کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔ کئی جگہوں پر بجلی کی تاریں گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگ اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ موبائل سگنلز اور دیگر سہولیات بھی متاثر ہو چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں طوفان کے دوران درختوں کے گرنے اور تاروں کے ہلنے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے اور صورتحال کو جلد از جلد معمول پر لایا جائے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ملاکنڈ: خانہ بدوشوں کا ٹرک کھائی میں گرنے سے خواتین و بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق
سوات موٹروے ٹنل نمبر 3 کے قریب دل دہلا دینے والے حادثے میں خواتین و بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرک تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گیا اور کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں 15 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ 10 افراد شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوع پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ منتقل کیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن کا تعلق سوات کی تحصیل بحرین سے بتایا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹرک میں سوار تمام افراد (خانہ بدوش) ایک ہی خاندان کے تھے ۔ موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ بظاہر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
افسوس ناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے، بٹخیلہ اسپتال میں جاں بحق افراد کے لواحقین پہنچے جب کہ مقامی انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے لیے مالی امداد اور زخمیوں کو ہر ممکن علاج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔