کراچی میں مسلح ڈکیت گروہ کی دیدہ دلیری، ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹنے لگے
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو متعدد بار اطلاع دینے کے باوجود کئی گھنٹوں بعد موقع پر پہنچی، جس وقت تک ملزمان فرار ہو چکے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک مسلح ڈکیت گروہ کی دیدہ دلیری سامنے آئی ہے، جہاں 8 رکنی گینگ نے مرکزی سڑک پر ناکہ لگا کر شہریوں کو یرغمال بنایا اور گھنٹوں لوٹ مار کرتے رہے۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کو متعدد بار اطلاع دینے کے باوجود کئی گھنٹوں بعد موقع پر پہنچی، جس وقت تک ملزمان فرار ہو چکے تھے۔ ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن محمد علی شاہ کے مطابق ملزمان کی تعداد 6 سے 8 کے درمیان تھی، جن میں سے ایک ملزم سیکیورٹی گارڈ کی وردی میں ملبوس تھا۔ ڈاکوؤں نے سب سے پہلے موٹرسائیکل پر سوار تین افراد کو روک کر انہیں قابو میں کیا، بعد ازاں قربانی کے جانور لے جانے والی ایک خالی سوزوکی پک اپ گاڑی پر بھی قبضہ کرکے متاثرین کو قریبی ویران اور پتھریلے مقام پر یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے بعد میں ایک اور ٹویوٹا پک اپ (جس پر تین گائیں لدی ہوئی تھیں) اور ایک موٹرسائیکل کو بھی روک کر اسی مقام پر لے جایا۔ دو افراد کو باندھ دیا گیا، اور گائیں خالی پک اپ پر منتقل کر دی گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے متاثرہ افراد کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں سڑک کنارے بٹھا دیا اور موبائل فونز، نقدی، گاڑیوں کی بیٹریاں، موٹرسائیکلیں اور جانور لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جب ملزمان نے پولیس اسکواڈ کو قریب آتے دیکھا تو وہ دو گائیں اتار کر اپنی 125 سی سی موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے دوران ایک گائے اور ایک سوزوکی پک اپ کو واردات کا نشانہ بننے سے بچا لیا گیا۔ علاقے میں گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
کراچی: ٹریفک پولیس کے سامنے دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹ لیا
—فائل فوٹوکراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے سامنے دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹ لیا۔
کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن موڑ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے سامنے دن دیہاڑے ملزمان نے لوٹ مار کی، واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
شہری کی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی، ٹریفک پولیس موقع پر تماشائی بنی رہی، ملزمان فائرنگ کرتے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے حوالے سے کسی متاثرہ شخص نے تاحال رابطہ نہیں کیا ہے۔