باجوڑ، بم دھماکے سے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت چار افراد ہلاک، 12 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت چار افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
بدھ کو دھماکہ اس وقت ہوا جب اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی پھاٹک میلہ کے قریب سے گزر رہی تھی۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے اردو نیوز سے گفتگو میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاوہ دو پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق انتظامی حکام معمول کے مطابق پولیس کے ہمراہ بازاروں کو معائنہ کرنے نکلے تھے کہ اس دوران دھماکہ ہوا۔
ترجمان پولیس منصور خان کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ سات شہری بھی زخمی ہوئے، جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت اور گورنرخیبر پختونخوا کی جانب سے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے واقعے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
دوسری جانب مشیر صحت احتشام علی نے ڈی ایچ او اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر باجوڑ سے رابطہ کیا زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
باجوڑ میں بم دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید، 16 زخمی
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق الخوارج نے اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں صدیق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب بم دھماکا ہوا ہے جس میں اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی، تحصیل دار نواگئی، دو پولیس اہل کاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی پولیس کے سب انسپکٹر نور حکیم مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کئے جارہے تھے کہ راستے میں ہی چل بسے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے میڈیکل ٹیموں نے بروقت پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ اسپتال خار منتقل کیا۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق الخوارج نے اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ موقع سے تمام ضروری ثبوت اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی ڈی ٹیمز جائے حادثہ پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلومات کی جارہی ہیں۔ ملکِ خداداد بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا کا امن سبوتاژ کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں موٹر سائیکل استعمال کی گئی، موٹر سائیکل میں بارود نصب کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 7 سے دس کلو گرام بارود استعمال کیا گیا، ورکشاپ کے باہر موٹر سائیکل پہلے سے کھڑی کی گئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے گئے۔ باجوڑِ اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل ، تحصیلدار عبدالوکیل، کانسٹیبل زاہد اور راہگیر فضل منان کی نماز جنازہ سول کالونی خار پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی ، ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق ، کمانڈنٹ باجوڑ اسکاؤٹس، سرکاری افسران ، شہدا کے لواحقین اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔