پی ٹی آئی کا رات گئے اہم اجلاس، وزارت اعلیٰ کیلیے سہیل آفریدی پر اعتماد، اسمبلی اجلاس آج طلب
اشاعت کی تاریخ: 11th, October 2025 GMT
پشاور:
پی ٹی آئی قیادت نے رات گئے اہم اجلاس میں وزارت اعلیٰ کے لیے سہیل آفریدی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور ارکان اسمبلی کا رات گئے اسپیکر ہاؤس میں غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر سمیت بڑی تعداد میں ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے نامزد امیدوار سہیل آفریدی نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی آئی قیادت اور ارکان اسمبلی نے متفقہ طور پر سہیل آفریدی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں باضابطہ طور پر وزیرِاعلیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے آئینی و پارلیمانی طریقۂ کار پر عملدرآمد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ علی امین گنڈا پور کے استعفے میں آئینی پیچیدگی کے باعث ایک نیا، ہاتھ سے تحریر کردہ استعفیٰ تیار کیا گیا ہے جو گورنر کو بھجوایا جائے گا۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق نئے استعفے کے بعد عدم اعتماد کی تحریک لانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر نے اجلاس کے بعد کہا کہ ہمارے پاس اس وقت 92 ووٹ موجود ہیں اور 100 ووٹ حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں پی ٹی آئی پر لگائے گئے حالیہ الزامات کا باضابطہ جواب بھی دیا جائے گا۔
اس پیش رفت کے بعد صوبے کی سیاسی فضا میں گرما گرمی بڑھ گئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سہیل آفریدی پی ٹی آئی
پڑھیں:
خیبرپختونخوا کی وزارتِ اعلیٰ، 4 امیدوار سامنے آ گئے؛انتخاب صبح 10 بجے ہوگا
ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے 4 امیدوار سامنے آ گئے، انتخاب کے لیے اسمبلی اجلاس کل صبح 10 بجے منعقد ہو گا۔
کے پی کے کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار سہیل آفریدی نے کاغذات جمع کرا دیے۔
مسلم لیگ ن کے سردار شاہ جہاں یوسف، پی پی کے ارباب زرک اور جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمٰن نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
قبائلی عوام نےافغانستان کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کیخلاف ہتھیار اٹھانے کا اعلان کردیا
کاغذاتِ نامزدگی سیکریٹری خیبر پختونخوا اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے۔دوسری طرف ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے چاروں امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں، کل کے اجلاس میں 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔