کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 2 زخمی حالت میں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان دو مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔
پہلا مقابلہ کورنگی کے علاقے سیکٹر 35-ڈی اقصیٰ مسجد کے قریب پیش آیا جہاں پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا جسے گرفتار کر کے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نور الاسلام عرف سومیا کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ مقابلے کے دوران اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
دوسرا واقعہ ماڈل کالونی کے علاقے میں قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے دو ملزمان کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت فرید اور کاشف کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، نقدی، موبائل فونز اور ایک ہائی روف گاڑی برآمد کی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔