بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرانے کی کوشش ناکام، 3دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود میں فتن الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، فائرنگ سے بارود سے بھرا رکشہ پھٹ گیا،تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتن الخوارج کے 3 دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھرے رکشہ کے ذریعے بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی۔چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے بروقت اور مستعدانہ کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر رکشہ کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر پولیس جوانوں نے فائرنگ کی جس سے رکشہ وہیں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تینوں دہشتگرد موقع پر ہی جہنم واصل ہوگئے اور تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم دھماکے کی شدت سے قریب واقع گھروں کو معمولی نقصان پہنچا۔ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے پولیس اہلکاروں کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہا ۔ان کا کہنا تھا کہ چوکی مزانگہ کے جوانوں نے فرض شناسی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال قائم کی، یہ سپاہی بنوں پولیس کا فخر ہیں جو ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ فتن الخوارج جیسے عناصر قوم اور عوام کے دشمن ہیں، ریاست دشمنوں کی ہر بزدلانہ کوشش ناکام بناتے رہیں گے جب کہ ہمارے جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ بنوں پولیس ہر وقت اپنے علاقے اور عوام کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او نے چوکی میں موجود بہادر جوانوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اردگرد کے حالات پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا پولیس کنٹرول روم کو دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ملک، ہمارا گھر ہے، پولیس اور عوام مل کر ہی دہشت گردی جیسے فتنوں کا مکمل خاتمہ کرسکتے ہیں جب کہ بنوں پولیس عوام کے تعان سے امن و امان کے قیام کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کا بنوں میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 2خوارج دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے مغل کوٹ سیکٹر بنوں، خیبر پختونخوا میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنۃ الخوارج کے طارق کچھی گروپ کی تشکیل کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے سرغنہ طارق کچھی اور حکیم اللہ عرف ٹائیگر کو جہنم واصل کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الخوارج کے ہلاک دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا، خارجی طارق کچھی کی تشکیل پچھلے 2 سال سے دہشت گردانہ کارروائیوں میں متحرک تھی۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ خارجی طارق کچھی کی دہشت گرد تشکیل فتنۃ الخوارج طالبان کیلئے بھتہ خوری میں بھی ملوث تھی، خوارج طارق کچھی دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کیلئے سہولت کار تھا۔