کراچی کا 16 سالہ نوجوان کچے کے ڈاکوؤں سے ہنی ٹریپ، 1 کروڑ تاوان کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
شہر قائد کے علاقے لیاری کے 16 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا جس کا مقدمہ اہل خانہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ کا رہائشی نوجوان 16 سالہ یومان مبینہ طور پر سندھ کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا۔
واقعے کا مقدمہ چاکیواڑہ تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کی دفعہ کے تحت مغوی بچے کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اغوا کئے جانے والے 16 سالہ نوجوان یومان کی زنجیروں میں بندھی ہوئی تصاویر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کی گئی ہیں۔
نوجوان کو مبینہ طور پر گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں رکھا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغوا کاروں نے اہل خانہ سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یومان کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کے ذریعے گھوٹکی بلایا گیا، جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق یومان گھر سے گوشت لانے کے لیے نکلا تھا مگر واپس نہیں آیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق بچے کو علاقے میں تلاش کرتے رہے ناکامی کی صورت میں پولیس کو اطلاع دینے آئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ نوجوان کی بازیابی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گھوٹکی: وکیل کی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ پی پی رہنما کیخلاف درج کرلیا گیا
گھوٹکی میں وکیل کی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ پیپلز پارٹی رہنما شہریار شر، ان کے بیٹے جہانگیر شر اور دیگر کیخلاف درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ مغوی لڑکی کے والدکی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کےمتن میں کہا گیا کہ اس کی بیٹی کو سردار شہریار شر اور دیگر نے گھر سے اغوا کیا۔
مدعی کا کہنا ہے کہ ملزمان ان کی قانون کی طالبہ بیٹی کو ہراساں کرتے تھے اور شہریار شر کے خلاف ایک مقدمے میں وکیل مقرر ہونے پر دھمکیاں بھی دیتے رہے۔
دوسر جانب رہنما پیپلز پارٹی شہریار خان کا کہنا ہے کہ وہ وکیل عبیداللّٰہ کی بیٹی کے اغوا کی مذمت کرتے ہیں، کسی کرمنل یا ڈاکوؤں سے کوئی واسطہ نہیں۔
یاد رہے کہ مغویہ کے والد نے دیگر وکلا کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری اور بیٹی کی بازیابی کے لیے قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا بھی دیا تھا ۔