کراچی؛ گھر سے خاتون کی تعفن زدہ لاش برآمد ، شوہر بچے سمیت غائب
اشاعت کی تاریخ: 23rd, October 2025 GMT
شہر قائد میں ایک گھر سے خاتون کی تعفن زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جب کہ شوہر بچے سمیت غائب ہے۔پولیس کے مطبق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سکھیہ گوٹھ میں گھر سے خاتون کی چند روز پرانی لاش ملی، جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایچ او نے واقعے سے متعلق بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 35 سالہ عائشہ زوجہ قدیر کے نام سے کی گئی۔ لاش ممکنہ طور پر 3 سے 4 روز پرانی ہے، جس کا تعفن اٹھنے پر مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی۔گھر کو باہر سے تالا لگا ہوا تھا، جسے توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے گلا دبا کر قتل کیا ہے جو کہ موقع سے بچے سمیت غائب ہے ۔مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ خاتون شوہر اور ایک بچے کے ہمراہ کچھ روز قبل ہی اس گھر میں منتقل ہوئی تھی۔ خاتون کے جسم پر بظاہر کسی چوٹ یا زخم کا نشان نہیں ہے جب کہ لیڈی ایم ایل او نے پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا ہے، جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔فوری طور پر مقتولہ کے ورثا کا بھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا، جس کے باعث لاش تلاش ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے بھاری مالیت میں غیر ملکی کرنسی برآمد
کراچی:ایئر پورٹس سکیورٹی فورس نے کراچی ایئر پورٹ پر مسافر کے سامان سے بھاری مالیت میں غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے کراچی ایئرپورٹ پر مسافر کے دستی سامان کو مشکوک قرار دے کر فوری اسکریننگ کی۔
تلاشی کے دوران ہینڈ کیری بیگز سے مختلف ممالک کی کرنسی جو پاکستانی 83 لاکھ روپے مالیت سے زیادہ ہے برآمد کر کے منی لانڈرگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
برآمد شدہ کرنسی میں پاکستانی روپے کے علاوہ امریکی ڈالر، سعودی ریال اور ملائیشین رنگٹ شامل ہیں۔
ملزم کو برآمد شدہ کرنسیز سمیت ابتدائی تفتیش کے بعد پاکستان کسٹمز کے حوالے کردیا گیا۔