ٹک ٹاک ویڈیو کے دوران فائرنگ، نوبیاہتا لڑکی جاں بحق، شوہر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والی نوبیاہتا لڑکی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، افسوسناک واقعے نے سوشل میڈیا کے خطرناک رحجانات پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ فرزانہ گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں اپنے شوہر غلام مصطفیٰ کے ساتھ گھر میں ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھی، دورانِ ویڈیو شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا، فرزانہ نے شوہر سے پوچھا کہ اس میں گولی تو نہیں ہے؟ جس پر شوہر نے جواب دیا کہ نہیں ۔
جب ویڈیو ریکارڈنگ شروع ہوئی تو فرزانہ نے پستول کی نالی اپنی کنپٹی پر رکھی اور شوہر سے کہا کہ تم ٹریگر دبا دینا،جیسے ہی شوہر نے ٹریگر دبایا، گولی چل گئی اور سر میں لگنے سے فرزانہ موقع پر شدید زخمی ہوگئی۔
فرزانہ کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ ہفتے کے روز دورانِ علاج جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد چھیپا سردخانے منتقل کردی گئی ہے۔
ایس ایچ او گلستان جوہر انسپکٹر کاشف ربانی کے مطابق مقتولہ کے شوہر غلام مصطفیٰ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اس کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول برآمد ہوئی ہے جو بغیر لائسنس کے تھی اور کشمور سے خریدی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ بظاہر حادثاتی ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں، فرزانہ کا رواں سال ستمبر میں غلام مصطفیٰ سے نکاح ہوا تھا، رخصتی ابھی باقی تھی، مقتولہ چند روز قبل اپنی والدہ اور بہن کے ساتھ کندھ کوٹ سے کراچی آئی تھی جبکہ اس کی والدہ پینشن وصول کرنے کے لیے دو روز قبل واپس گئی تھی۔
پولیس نے مقتولہ کی والدہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے جو کراچی کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔ ان کے پہنچنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا، یہ افسوسناک واقعہ ٹک ٹاک ویڈیوز میں دکھاوے کے خطرناک رجحان کا تازہ ثبوت بن گیا ہے جو پہلے بھی متعدد جانیں لے چکا ہے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ٹک ٹاک ویڈیو کے مطابق
پڑھیں:
راولپنڈی: تھانہ روات کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ، قتل و ڈکیتی میں ملوث اشتہاری ہلاک
راولپنڈی:تھانہ روات کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم معمول کے گشت پر تھی جب روات کے علاقے میں مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیاجس پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہا۔
جب فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا تو ایک ملزم موقع پر ہلاک پایا گیا جس کی شناخت حافظ تیمور کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم واہ کا رہائشی اور قتل کے مقدمے میں اشتہاری تھا۔ اس کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق حافظ تیمور متعدد سنگین مقدمات، جن میں قتل، ڈکیتی اور سرقہ بالجبر شامل ہیں، میں مطلوب تھا۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مویشیوں کے بیوپاریوں سے ڈکیتی کر کے لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی مویشی لوٹ لیے تھے۔
پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا جب کہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔