پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی ، مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر پھر سے اجاگر
اشاعت کی تاریخ: 30th, October 2025 GMT
پاکستان کو ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں ہو گیا ہے۔ اب یہ بات ایک بار پھر واضح ہو چکی ہے کہ جموں و کشمیر کا معاملہ کسی ملک کی اندرونی سیاست نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا منصفانہ حل عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بار پھر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
او آئی سی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 اکتوبر 2025 کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کو 78 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ جنرل سیکرٹریٹ نے اس موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی جائز اور پرامن جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ او آئی سی اپنے سابقہ اسلامی سربراہی اجلاسوں اور وزرائے خارجہ کونسل کی قراردادوں پر قائم ہے، اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق، خصوصاً ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گی۔
تنظیم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کا احترام کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے پرامن اور حتمی حل کی راہ ہموار کرے۔
او آئی سی نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن ہو سکے۔
یہ اعلامیہ بھارت کے ان جھوٹے دعوؤں کے لیے ایک واضح جواب ہے جو وہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے دہراتا رہا ہے۔ او آئی سی کا دوٹوک مؤقف نہ صرف پاکستان کی سفارتی فتح ہے بلکہ کشمیری عوام کے حوصلے اور ان کی پرعزم جدوجہد کی بھی جیت ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارتی غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو کر انصاف اور آزادی کی نئی صبح دیکھے گا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: او ا ئی سی عوام کے
پڑھیں:
بھارتی قبضہ غیر قانونی، پاکستان، کشمیر لازم و ملزوم ہیں، حافظ نعیم
جدوجہد آزادی رنگ لائے گی، مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا، عالمی برادری بھارت پر دبائو ڈالے،امیر جماعت
حکومت کشمیر کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑے ، تیسری نسل کو بھارتی مظالم کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ پر بیان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھارت پر دبا ڈالا جائے۔ کشمیریوں کی تیسری نسل کو بھارتی مظالم کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا اور انہیں تحریک آزادی میں جماعت اسلامی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مکمل اخلاقی و سیاسی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ کشمیر پر سفارت کاری تیز کی جائے اور عالمی سطح پر یہ مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے قوم تشویش میں مبتلا ہے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر پر سودے بازی کی افواہوں کو تقویت مل رہی ہے، حکومت اس پر واضح موقف دے۔ یاد رہے کہ آج سے اٹھہتر برس قبل ستائیس اکتوبر کو بھارتی افواج نے کشمیر پر قبضہ کرلیا تھا۔ کشمیری عوام اس جارحیت کے خلاف ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر قبضہ غیر قانونی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کا فرمان ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جہدوجہد رنگ لائے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سید علی گیلانی کی جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر بنتے ہوئے بھارت کے قبضہ سے آزاد ہوکر انشا اللہ پاکستان کا حصہ بنے گا۔ پاکستان کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔