دبئی ائیر شو میں طیارے کی تباہی: سوشل میڈیا پر بھارتی ائیر چیف کو ہٹانے کی مہم زور پکڑ گئی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, November 2025 GMT
دبئی میں عالمی ائیر شو کے دوران بھارت کے جنگی طیارے تیجس کے گر کر تباہ ہونے کے واقعے نے بھارتی فضائیہ کے اندر موجود کئی کمزوریوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔
یہ واقعہ اس لمحے پیش آیا جب بھارتی پائلٹ دبئی ایئرشو میں ایروبیٹک اسٹنٹ کا مظاہرہ کر رہا تھا کہ طیارہ اچانک توازن کھو بیٹھا اور بلندی پر فضا میں جھٹکے کھاتا ہوا نیچے آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں متحرک ہوئیں، تاہم پائلٹ جانبر نہ ہو سکا۔
بھارتی فضائیہ نے حادثے اور پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، تاہم ابتدائی اشارے طیارے میں تکنیکی نقص کی طرف جاتے دکھائی دیتے ہیں۔
دلچسپ اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ چند روز قبل اسی ائیر شو میں تیجس طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اس کے فیول ٹینک سے تیل ٹپکتا دیکھا گیا تھا۔ اس ویڈیو پر پہلے ہی تکنیکی ماہرین نے سوالات اٹھائے تھے اور اب حادثے نے ان خدشات کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی شہریوں نے اپنی فضائیہ پر تنقید کا طوفان برپا کر دیا ہے۔ تقریباً ہر پلیٹ فارم پر ایک ہی سوال گونج رہا ہے کہ آخر بھارتی فضائیہ اپنے لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال، تیاری اور تربیت کے معاملے میں اتنی غفلت کیوں برت رہی ہے؟
بھارتی صارفین نے اپنے غم و غصے کا اظہار انتہائی تلخ انداز میں کیا۔ انوشی تیواری نامی صارف نے لکھا کہ یہ بھارت کے لیے عالمی سطح پر ایک بڑی شرمندگی ہے اور اس شرمندگی کا بوجھ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کو عہدہ چھوڑ کر اُتار دینا چاہیے۔
اسی طرح تیجسوی پراکاش نے ٹیکنالوجی اور تربیت کے فقدان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی طیارے بنیادی ایروبیٹک اسٹنٹس بھی انجام نہیں دے سکتے تو یہ مسئلہ ٹیکنالوجی سے زیادہ تربیت سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے بھارتی ائیر چیف پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ جب پائلٹس کی تربیت اور نظم و ضبط پر توجہ کم ہو اور قیادت اکثر ڈانس ویڈیوز میں مصروف نظر آئے تو پھر حادثات کوئی حیرت کی بات نہیں رہتے۔
بھارت کے دفاعی ماہرین اس حادثے کو سنگین انتباہ قرار دے رہے ہیں کیونکہ تیجس طیاروں کے صرف 2 سال کے دوران یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں تیجس کا ایک اور طیارہ راجستھان کے علاقے جیسلمیر میں تربیتی پرواز کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔
2 سال میں 2 واقعات نے اس حساس پروگرام پر سنگین سوال کھڑے کر دیے ہیں کہ آیا یہ طیارہ واقعی عالمی معیار کا جنگی جہاز ہے یا محض ایک خطرناک تجربہ جس پر بھارت مسلسل اصرار کیے ہوئے ہے۔
دبئی حادثے نے بھارت کی دفاعی تیاریوں سے متعلق عالمی توجہ بھی اپنی طرف کھینچ لی ہے۔ ایک بڑے بین الاقوامی ائیر شو میں اس طرح کی ناکامی نہ صرف بھارت کی تکنیکی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ خطے میں اس کی دفاعی پوزیشن کو بھی کمزور دکھاتی ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل بھارتی فضائیہ
پڑھیں:
دبئی ایئر شو: 89ء سے اب تک پہلی بار حادثہ: بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس گر کر تباہ
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) دبئی میں جاری ایئرشو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا اور پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ حادثے کے سبب بھارتی فضائیہ اور مودی سرکار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں انٹرنیشنل ایئرشو جاری ہے جس میں مختلف ممالک کے طیارے اور دیگر آلات پیش کیے گئے۔ شو میں فضائی کرتب دکھاتے ہوئے بھارت کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے کو حادثہ ایئرشو کے آخری روز پیش آیا جس کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق حادثے کے بعد کمپنی کے حصص گر گئے۔ طیارہ 2016ء سے سروس میں تھا۔ اس سے قبل 2024ء میں راجستھان میں جیسلمیر کے مقام پر بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ یہ طیارے بھارت میں مقامی طور پر تیار کئے جاتے ہیں۔ خبررساں ادارے کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے گرنے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد ایئر شو کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق کچھ دن قبل تیجس طیارے کا آئل بھی لیک ہوا تھا جس کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ نے تیجس کے حادثے اور پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کردی، طیارے کو حادثہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) دبئی ایئر شو کے اختتام پر بھی پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر کی مقبولیت آسمان کو چھو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیجس فائٹر طیارے کی تباہی نے بھارت کے دفاعی ساز و سامان کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ تیجس کی پرواز سے قبل کی تصویروں میں تیل کی لیکج اور ساختی کمزوری واضح تھی۔ ایئرشو میں بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ طیارہ نقائص کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ تیجس طیارے کی تیاری میں پیداواری اور مینوفیکچرنگ کوالٹی پر سوالات اٹھائے گئے۔ بدلتی سپیسی فکیشنز، ٹیکنالوجی گیپ اور غیر واضح ڈیزائن نے تیجس کے ترقیاتی پروگرام کو روکے رکھا۔ تیجس طیارے میں دیسی انجن ناکام ہو گئے۔ جی ای انجن ایئرفریم کے مطابق نہیںتھے۔ تیجس طیارے میں تھرسٹ، سمارٹ لوڈ اور حرارتی دباؤ کے مسائل سامنے آئے۔ واضح رہے کہ دبئی ایئرشو میں کسی طیارے کی تباہی کا یہ پہلا واقعہ تھا۔ علاوہ ازیںاماراتی حکام نے کہا ہے کہ دبئی ائیر شو 1989ء سے ہو رہا ہے۔ پہلی بار یہاں فضائی حادثہ پیش آیا۔ تیجس پائلٹ نے ایجیکٹ کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق طیارے میں دشمن کے ریڈار کو دھوکہ دینے کی صلاحیت‘ الیکٹرانک وار فیئر‘ سویٹ‘ ائیر ٹو ائیر فیولنگ کا بھی انتظام ہے۔تاہم اس کی صلاحیت مشکوک ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تیجس مارک ون اے لڑاکا طیارے کی لاگت تقریباً 550 کروڑ روپے ہے جو سخوئی 30 ایم کے آئی لڑاکا طیارے سے 120 کروڑ روپے زیادہ ہے۔