بی آر ٹی مین روٹ پر ہر قسم کے رکشوں اور لوڈرز پر پابندی عائد
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
پشاور:(نیوزڈیسک) بی آر ٹی مین روٹ پر ہر قسم کے رکشوں اور لوڈرز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔یہ فیصلہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد ٹریفک کی روانی میں بہتری لانا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے رکشے کو ضبط کرکے مالکان کو جیل بھیجا جائے گا۔
پنجاب سے نئے رکشوں، چنگچی اور لوڈرز کی درآمد پر بھی پابندی عائد، ڈرائیورز کی آگاہی کے لئے ٹریفک پولیس کو آج سے ہی بی آر ٹی اور ملحقہ روٹس پر پابندی سے متعلق بینرز آویزاں کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی۔
شہر میں چلنے والے رکشوں، چنگچی اور لوڈرز کی تعداد معلوم کرنے اور آبادی کے لحاظ سے پبلک ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن اور روٹ پرمٹ کے اجراء کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس، محکمہ ایکسائز اور محکمہ ماحولیات کے انتظامی افسران پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک اژدہام کو کنٹرول کرکے شہریوں کو ذہنی کوفت سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
راولپنڈی، ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن، ڈی ایس پی ٹریفک سمیت 21 سرکاری گاڑیوں کے چالان ٹکٹ جاری
راولپنڈی:ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کی مہم شروع کردی ہے اور سرکاری گاڑیوں سمیت ٹریفک اور ضلعی پولیس افسران بھی اس کی زد میں آگئے ہیں جہاں ٹریفک پولیس نے ڈی ایس پی سمیت 21 سرکاری گاڑیوں کے چالان ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شاہراؤں کو ٹریفک کے لیے محفوظ بنانے اور قوانین کی پابندی سب کے لیے مہم کے تحت راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سٹی ٹریفک پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور سرکاری گاڑیوں سمیت خود ٹریفک و ضلعی پولیس افسران بھی ریڈار پر آگئے ہیں۔
راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کے پابندی نہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں شروع کردیں گیں محض ایک دن میں خود سٹی ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس اور اسلام آباد پولیس سمیت سرکاری محکموں کے افسران و اہلکار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گے۔
چیف ٹریفک افسر فرحان اسلم کے احکامات پر کریک ڈاؤن کے دوران ڈی ایس پی ٹریفک کینٹ راولپنڈی کی سرکاری گاڑی بھی کالے شیشوں پر پکڑ میں آگئی، ڈی ایس پی ٹریفک کینٹ کی سرکاری گاڑی کا 500 روپے کا چالان ٹکٹ جاری کیا گیا اور کالے پیپر اتارے گئے۔
چیف ٹریفک افسر فرحان اسلم نے ڈی ایس پی سے وضاحت طلب کرکے ڈی ایس پی کے سرکاری ڈرائیور کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے محض ایک دن میں مجموعی طور پر 21 سرکاری وہیکلز کو ون وے خلاف ورزی، کالے شیشوں کے استمعال اور بغیر ہیلمٹ اور نمبر پلیٹ کی پابندی نہ کرنے پر چالان ٹکٹ جاری کیے گیے۔
سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھاکہ قانون سب کے لیے برابر ہے، سرکاری افسران اور عملہ بھی قانون کی پابندی کرے۔
فرحان اسلم نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے، جو سرکاری ملازم بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلائے گا اس کا چالان ہو گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازم کو چالان کے ساتھ متعلقہ محکمے کو بھی محکمانہ کارروائی کے لیے لکھا جائے گا۔