صدر اور وزیراعظم کا بونڈائی بیچ حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 15th, December 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بونڈائی بیچ حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے درد کو بخوبی سمجھتا ہے، پاکستان دہشت گردی کیخلاف اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کیخلاف تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے، مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم نے آسٹریلوی ہم منصب کو اظہار یکجہتی کا پیغام بھی بھیجا۔
وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی انسانیت کیخلاف ناقابل معافی جرم ہے، پاکستان کو روزانہ اس خطرے کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے، واقعہ میں 2 پولیس اہلکاروں اور بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین کو فون کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں ہرپاکستانی آسڑیلیا کے ساتھ ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین کا کہنا تھا کہ سڈنی واقعہ سیاہ دن ہے، لوگوں کی زندگیاں بچانے والا مسلم شہری آسٹریلیا کا ہیرو ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
فرانس: نفسیاتی مریضوں کے علاج کی ذمہ داری گدھوں کے سپرد
فرانس میں قائم ایک نفسیاتی اسپتال نے ذہنی صحت کے علاج کے لیے ایک غیرمعمولی طریقہ اختیار کیا ہے، جہاں مریضوں کے ڈپریشن، اضطراب اور ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے گدھوں کی مدد لی جا رہی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ منصوبہ فرانس میں اپنی نوعیت کا واحد تجربہ سمجھا جاتا ہے۔ دارالحکومت پیرس کے مضافات میں سرسبز و شاداب ماحول اور تاریخی عمارتوں سے گھرا ویل ایورارڈ اسپتال مریضوں کو روایتی طبی علاج کے ساتھ ایک منفرد اور پُرسکون تجربہ بھی فراہم کر رہا ہے۔
اس پروگرام کے تحت مریض گدھوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، انہیں سیر کرواتے ہیں، ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور جذباتی تعلق قائم کرتے ہیں۔ حالیہ سیشن کے دوران بھی متعدد مریضوں نے گدھوں کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا اور رخصت ہوتے ہوئے انہیں گلے لگا کر محبت کا اظہار کیا۔
60 سالہ مریضہ نیتھلی کے مطابق گدھوں کے ساتھ وقت گزارنے سے انہیں ویسا ہی سکون ملتا ہے جیسا کسی پُرسکون دوا کے استعمال سے حاصل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کے ذریعے ہونے والا یہ علاج ذہنی آسودگی فراہم کرتا ہے اور وقتی طور پر تمام پریشانیاں ختم دیتا ہے۔
فرانس کے سرکاری نظامِ صحت کے تحت یہ سیشنز مریضوں کو بغیر کسی معاوضے کے فراہم کیے جاتے ہیں۔ عموماً ہر مریض کو ایک مخصوص گدھے کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے تاکہ وقت کے ساتھ دونوں ایک دوسرے کی عادات اور مزاج سے واقف ہو سکیں۔
اس یونٹ میں خدمات انجام دینے والی نرس آڈرے سیفار کے مطابق نیتھلی کی حالت میں چند ملاقاتوں کے بعد ہی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں وہ جسمانی معذوری کے باعث وہیل چیئر سے نکلنے پر آمادہ نہیں تھیں، لیکن گدھے کے ساتھ تعلق نے ان میں اعتماد پیدا کیا اور اب وہ نہ صرف چیئر سے اٹھتی ہیں بلکہ اپنے جانور کے ساتھ کھڑی بھی ہوتی ہیں۔
دوسری جانب 52 سالہ مریض جیروم کا کہنا ہے کہ اس منفرد پروگرام نے ان کے احساسِ تنہائی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔