آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے رائٹس خریدنے کیلئے پی ٹی وی کی تنخواہوں میں تاخیر کی، وزیر اطلاعات
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے رائٹس کیلئے بڑی ادائیگی کرنا تھی جس کی وجہ سے پی ٹی وی کی تنخواہوں میں تاخیر ہوئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ارکان کو بریفنگ دی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کی تنخواہ، آئی سی سی کی ادائیگی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی، میں چاہتا تھا کہ عوام چیمپئینز ٹرافی دیکھنے سے محروم نہ ہوں، کئی نجی میڈیا چینلز نے کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کیں، کئی چینلز کے مالکان رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے کما رہے ہیں لیکن تنخواہیں نہیں دے رہے۔
کنونیئر کمیٹی سحر کامران نے کہا کہ ہمارا نجی میڈیا سے کوئی تعلق نہیں آپ پی ٹی وی کا جواب دیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی میں ڈگریوں کی تصدیق 31 جنوری تک مکمل کرلیں گے، جعلی ڈگری والے 200 ملازمین بھی نکالنے پڑے تو نکالوں گا، پی ٹی وی میں "نیور گو ہوم" کی پالیسی چل رہی تھی، ملازمین یا افسران کو ریٹائرڈ ہونے پر دوبارہ بھاری تنخواہوں پر بھرتی کرلیا جاتا ہے، حال ہی میں ایسے 12 افراد کو فارغ کیا گیا، پی ٹی وی میں نجی شعبے سے معروف اینکرز کی خدمات حاصل کی گئیں۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ ہمارا مقصد پی ٹی وی کے ریونیو میں اضافہ کرنا ہے، سفارش پر بھرتی ہونے والے افراد سے ہم نے معذرت کی، پروڈکشن ٹیم کے اخراجات زیادہ ہیں، اینکرز سے کہا ہے کہ وہ اشتہارات لائیں تو انہیں کمیشن دیا جائے گا، نجی شعبے میں اشتہارات کی وجہ سے اینکرز کو بھاری تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں، پی ٹی وی میں پرائیویٹ سیکٹر سے 10 اینکرز لائے گئے، اسپورٹس چینل سے ہمیں اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے اینکرز پی ٹی وی آنے کے لئے تیار نہیں تھے، پی ٹی وی ٹیریسٹیریل نشریات پیش کرتا ہے، دور دراز علاقوں میں لوگوں کو نشریات کے لئے انٹرنیٹ یا دیگر ذرائع کی ضرورت نہیں ہوتی، دور دراز کے علاقوں میں لوگ عام اینٹینا لگا کر پی ٹی وی کی نشریات دیکھ سکتے ہیں، سیاسی بنیادوں پر ہر دور میں بھرتیاں ہوئیں، ایسی بھرتیوں کی وجہ سے ادارے کو نقصان پہنچا، نجی شعبہ میں تین تین ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے، پی ٹی وی میں صرف 21 دن تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تو ہر جگہ شور مچایا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے رائٹس کیلئے بڑی ادائیگی کرنا تھی جس کی وجہ سے پی ٹی وی میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی، ہماری خواہش تھی کہ پاکستان کے ہر علاقے اور گاﺅں میں لوگ چیمپئنز ٹرافی دیکھیں، ہم نے کرکٹ کے رائٹس کو محفوظ کیا، 15 جنوری کو گروپ 1 سے 6 تک کی تنخواہیں ادا کیں اور اس کے بعد گروپ 6 سے 9 تک کی تنخواہیں ادا کی گئیں۔
اجلاس کے دوران آسیہ ناز تنولی کے پیمرا ترمیمی بل پر غور کیا گیا، بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ انٹرٹینمنٹ چینلز کے ڈراموں اور اشتہاروں کیلئے بھی ایک سینسر بورڈ ہونا چاہیے، ایسے ڈرامے اور اشتہار بھی چلائے جا رہے ہیں جو فیملی کے ساتھ نہیں دیکھے جا سکتے۔
چیئرمین پیمرا نے کہا کہ اس معاملے پر ٹی وی چینلز کے ساتھ مشاورت ہونی چاہیے، کچھ ٹی وی چینلز کی انتظامیہ سے ہم بات کر چکے ہیں۔
پیمرا ترمیمی بل پر ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین پیمرا نے کہا کہ ذیلی کمیٹی انٹرٹینمنٹ چینلز کے نمائندوں کا موقف بھی سنے گی۔
دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان میں بڑے ایونٹس کا آغاز ہو رہا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد اسپورٹس کا میگا ایونٹ پاکستان میں کھیلا جائے گا، ماضی میں پاکستان میں کھیل کے میدان ویران ہو گئے تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی نیشنل براڈ کاسٹر ہے، پی ٹی وی اسپورٹس کی ریٹنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے، آئی سی سی کے رائٹس کے حصول کے لئے بروقت ادائیگی کی، ان کی تمام شرائط پوری کی ہیں پی ٹی وی آئی سی سی کے تمام میچز دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ نشریات کے لیے اچھا پینل ترتیب دے رہے ہیں، شعیب اختر، شعیب ملک سمیت دیگر اسٹارز کو اسکرین پر لایا جائے گا، پی ٹی وی اسپورٹس کو مزید آگے بڑھائیں گے، ماضی میں پی ٹی وی اسپورٹس کے اندر معاملات درست نہیں تھے، ماضی میں پی ٹی وی کے اندر اس طرح ریفارمز نہیں کی گئیں جس طرح ہونی چاہئے تھیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آئی سی سی کی ادائیگیوں کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہیں تھا ہماری کوشش ہے کہ شفاف نظام کے تحت اسپورٹس چینل کو بحال کیا جائے، ریڈیو پاکستان میں آن لائن پنشن کا اچھا نظام متعارف کرایا گیا ہے، گھوسٹ ملازمین کی شناخت کرنے والے افسران کو شاباش دینی چاہئے،گھوسٹ ملازمین کو نکال کر قوم کا پیسہ بچایا ہے، باقی اداروں میں بھی اس طرح کام کرنے کی ضرورت ہے،پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی تنخواہیں ادا پی ٹی وی میں پاکستان میں پی ٹی وی کی کی ادائیگی میں تاخیر کی وجہ سے چینلز کے کے رائٹس تارڑ نے کیا گیا
پڑھیں:
حنیف محمد ٹرافی: آخری راؤنڈ میں رنز کے انبار لگ گئے
حنیف محمد ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں اور آخری راونڈ میں دوسرے روزرنزکے انبارلگ گئے۔
تفصیلات کے مطابق یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر راولپنڈی نے دوسری اننگ میں 2 وکٹیں کھوکر100 رنز بنا لیے۔ قبل ازیں 184 رنزکے جواب میں کراچی وائٹس نےاپنی پہلی اننگ میں 425 رنز بناکر4 پوائنٹس جوڑے، عمیربن یوسف نے 13 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے،نروس نائینٹیزکاشکارعبداللہ فاضل 3 رنزکی کمی سے سینچری سے محروم رہے۔عثمان خان نے 47 اورمحمدغازی غوری نے 45 رنزجوڑے، مہران ممتازنے 6 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔
فالوآن کا شکارڈیرہ مراد جمالی نے 81 رنزکے ساتھ گروپ بی میں سرفہرست فاٹا کے خلاف اسٹیٹ بنک اسپورٹس کمپلیکس پردوسری باری میں 2 وکٹوں پر52 رنزبنالیے،قبل ازیں فاتا کے 311 رنزکے جواب میں ٹیم پہلی اننگ میں 153 رنزپرڈھیرہوگئی تھی۔ آصف آفریدی اور ارشد اللہ نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں۔
نیشنل بنک اسٹیڈیم پرملتان نے ایک وکٹ کھوکر 322 رنز بنالیے،زین عباس 158 اورعامراسحاق 69 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ قبل ازیں لاڑکانہ نے ثابت علی کے 141 رنز کی بدولت پہلی اننگ میں 329 رنز بنائے،محمد شان نے 4 کھلاڑیوں کوچلتا کیا، گروپ اے میں 75 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست فیصل آؓباد نے ڈرنگ اسٹیڈیم، بہاولپور پر دوسری باری میں ایک وکٹ پر71 رنزبنالیے،فہیم الحق 48 رنزکے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں،اس سے پہلے حیدرآباد نے 169 رنزکے جواب میں 189 رنزبنائے،زین العابدین نے 107 رنزاسکور کیے۔
ملتان اسٹیڈیم پرکراچی وائٹس نے 450 رنزبناکر بیٹنگ میں 4 اہم پوائنٹس حاصل کیے،کپتان سیف اللہ بنگش نے 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 110 رنز کی اننگ کھیلی،محمد طحہ نروس نائینٹیزکا شکارہوکر 98 رنزپروکٹ کھو بیٹھے۔ سعد بیگ نے 85 رنز بنائے،جواب میں آزاد جموں و کشمیر نےایک وکٹ پر 113 رنز بنالیے،احسن رضا 64 اور حسنین شاہ میر 42 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔
عباسیہ اسپورٹس کمپلیکس،رحیم یارخان پرکوئٹہ نے 6 وکٹوں پر 303 رنزبنالیے۔بسمہ اللہ خان 173 رنزکے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں،حسیب اللہ نے 62 رنزبنائے۔اس سے پہلے لاہور بلوزنے 450 رنزبنائے،عمیرصدیق نے 136،محمد سلیم 60، خواجہ محمد عبداللہ 50 اور محمد محسن 47 رنز بنانے میں کامیاب رہے،خلیل احمد اوراحسان اللہ نے 4،4 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔