Juraat:
2025-05-01@08:25:28 GMT

بھارت کیا چاہتا ہے؟؟

اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT

بھارت کیا چاہتا ہے؟؟

حمیداللہ بھٹی

22 اپریل سے جنم لینے والی پاک بھارت کشیدگی ہنوز برقرارہے جو اِس بناپر تشویشناک ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں نہ صرف جوہری طاقتیں ہیں بلکہ حکومتیں اور عوام بھی جذباتی ہیںمگر طیش کے باوجود بھارت ابھی تک حملہ نہیں کر سکا جس کی کئی وجوہات ہیں۔ ایک اہم وجہ تو پاکستان کا ذمہ دارانہ موقف ہے۔ آزاد اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے نے عالمی سطح پر بھارت کو مظلوم اور معصوم نہیں بننے دیا ۔شاید اُسے کامل یقین تھا کہ جس طرح بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقے جموں و کشمیر کو ضم کر نے کے باوجوداقوامِ عالم نے کسی تشویش یااضطراب کا اظہار نہیں کیاتھا اب پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر جب سندھ طاس معاہدے یکطرفہ طور پر ختم اورپاکستان کو سبق سکھانے کی بات کرے گا توباآسانی حمایت حاصل ہوجائے گی مگر ایسا کچھ نہیں ہو سکا۔ عالمی میڈیا نے اِس واقعہ کو محض ایک خبر کے طورپر لیا ہے۔ دراصل بھارت ایک جھوٹا اور مکار ملک ہے جس کے ماضی میں کئی فالس فلیگ آپریشن بے نقاب ہو چکے۔ اسی لیے 22اپریل کو جب بھارت کی مذہبی جنونی قیادت نے دہشت گردی کی آہ وبقا شروع کی تو کسی نے سنجیدہ نہ لیا ۔بھارت کو ٹرمپ انتظامیہ سے توقع تھی کہ چین کا مدِ مقابل ہونے کی بنا پر ساتھ دے گی لیکن یہ توقع بھی اُس وقت نقشِ برآب ثابت ہوئی جب پاکستان کی موثر سفارتکاری کی بدولت بھارت سلامتی کونسل کی قرارداد میں اپنی پسندکے الفاظ شامل کرانے میں ناکام ہو گیا لیکن کیا مکار،جھوٹا اورسازشی بھارت خاموشی اختیار کرلے گا؟ کے جواب میں ہاں کہنا مشکل ہے البتہ کسی بڑے ٹکرائو کے امکانات نہیں لیکن پنجاب اور کشمیر کی حدتک سرحدی جھڑپیں ہوسکتی ہیں تاکہ متوقع ریاستی انتخابات میں بی جے پی سیاسی فوائد حاصل کر سکے۔
غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جارح قوتوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں ۔وہ جس طرح اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کوپائے حقارت سے ٹھکراتے ہوئے وحشیانہ اورسفاکانہ کاروائیاں کررہا ہے وہ طاقتورممالک کے لیے آئیڈیل ہیں لیکن بھارت یہ بھول گیا کہ نہ تو وہ اسرائیل ہے اور نہ ہی پاکستان فلسطین،شام یا لبنان ہے۔ مزید یہ کہ جنوبی ایشیا مڈل ایسٹ کی طرح تیل کی دولت سے بھی مالا مال نہیں۔ اسی بناپر یہاں عالمی طاقتوں کی دلچسپی ویسی نہیں ۔مزیدیہ کہ امریکی انتظامیہ میں پاکستان کی خیر خواہ لابی موجودہے جوتبدیل شدہ عالمی منظر نامے کے باوجود آج بھی پاکستانی مفادات کی نگہبان ہے۔ دوسرا مضبوط اور دوٹوک چینی حمایت ہے جس کی طرف سے حملے کی بروقت تحقیقات کے مطالبے اور اسلام آباد کی سلامتی وخودمختاری کی حمایت نے پاکستان مخالف فضانہ بننے دی۔ آجکل ٹرمپ ٹیرف میں کمی کے لیے چین سے مفاہمت کے آرزومند ہیں۔ وہ بھارت کی بے جاحمایت سے چین کو مزید ناراض نہیں کر سکتے۔ تیسرا روس بھی اب ماضی کی طرح پاکستان کو دشمن تصور نہیں کرتا۔ بلکہ ماضی کی تلخیاں بُھلا کر اشتراک و تعاون کی روش پر گامزن ہے۔ اگر بھارت نے پابندیوں کے باوجودروس سے تیل و دیگر سامان درآمد کیا تو پاکستان نے بھی امریکہ اور مغربی ممالک کی پرواہ کیے بغیر درآمدات کیں ۔اِس لیے روس نے ایک پلڑے میں وزن ڈالنے کے بجائے حقیقت پر مبنی غیر جانبدارانہ موقف اختیار کیا اِس میں کچھ چینی خوشنودی حاصل کرنے کا بھی عمل دخل ہے ۔
پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کے متفقہ موقف نے بھارت کی مذہبی جنونی قیادت کو پریشان کر دیا ہے ۔شاید اُس کا خیال تھا کہ معاشی طورپر کمزوراور سیاسی حوالے سے غیر مستحکم پاکستان مقابلہ سے اجتناب کرے گامگر خلافِ توقع ایسا کچھ نہ ہوابلکہ ہرقسم کی تجارت بند کرنے کے ساتھ پاکستان نے اپنی فضائی حدودتک بھارت کے لیے بند کردیں۔ یہ جواب توقعات سے بڑھ کر تھا۔ آبی جارحیت کو جنگی اقدام تصور کرنے کے اعلان سے واضح ہو گیا کہ پاکستان دفاعی حکمت ِعملی تک محدود رہنے کی بجائے حملہ بھی کر سکتا ہے ۔قلیل مدت میں بری ، فضائی اور بحری قوت کو فعال کر نا اسی طرف اِشارہ تھا میزائل نظام کی تنصیب میں کمال سُرعت کا مظاہرہ بے خوفی کی دلیل ہے۔ یہ اقدامات فروری 2019کی طرح ایک اور حیران کُن جواب کے آثار کوقوی تربنانے کے لیے کافی تھے جس سے مودی ،راج ناتھ ،امیت شاہ اور اجیت ڈوول جیسے منہ سے جھاگ اُڑاتے لوگ بے بس و لاچار ہوئے۔ یہ بے بسی اور لاچاری ہی تھی کہ بہار جلسے میں تقریرکرتے ہوئے مودی نے پاکستان کا نام لینے سے اجتناب کیا۔
بھارت اپنے حجم اور عسکری نفری کے زعم میں یہ بھول جاتا ہے کہ ایسے ناز و زعم نے امریکہ کو ویت نام میں ذلیل و رسوا کیا ۔روس کو افغانستان میں ایسی پسپائی سے دوچارکیا کہ بکھرتا چلا گیا۔ افغانستان سے امریکی قیادت میں برسرِ پیکار نیٹو افواج دن رات سرپٹخنے کے باوجودآخرکارانخلا پر مجبور ہوئیں ۔پاکستان تو ایک ایسی جوہری طاقت ہے جس نے بے سروسامانی کی حالت میں بھی قیام کے صرف ایک برس بعدہی1948کی جنگ بہادری سے لڑی۔ 1965میں بھی بھارت کو ایسی دھول چٹائی کہ دنیا دنگ رہ گئی۔ بھارتی میڈیا 1971کے واقعات کی بات کرتا ہے حالانکہ یہ کوئی جنگ نہیں تھی بلکہ مغربی پاکستان سے سولہ سو کلومیٹر دور مشرقی علاقے کی ایسی بغاوت تھی جو بھارتی سرپرستی میں بنائی گئی۔ مُکتی باہنی نے برپا کی سیاچین اور کارگل کی محدودلڑائیوں میں پاک فوج نے آٹھ گُنا بڑے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اورپھر 20219کی فضائی جھڑپ تو ایساجواب ہے جس نے پاک فوج کی حربی صلاحیت کی دھاک بٹھا دی پاکستان کا جوہری اور میزائل پروگرام جدیدترین ہے ۔اُس کی طاقتورفضائی،بری اور بحری فوج کسی بھی وقت اور کہیں بھی حیران کُن نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ بھارتی لڑاکا طیارے جنگ سے قبل ہی گر تے یا اپنے شہروں پر بمباری کرتے نظرآتے ہیں۔ بری فوج کے پاس ازکاررفتہ ہتھیارہیں۔ مشرقی پنجاب کے سکھ لڑائی کی صورت میں پاکستان کا ساتھ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اسی بناپر ماہرین کاکہناہے کہ بھارت کسی بڑی جنگ لڑنے کے قابل ہی نہیں اور فالس فلیگ آپریشن سے مودی نے اپنی زوال پذیر سیاسی ساکھ کو سہارہ دینے کی حماقت کی ہے مگرحقائق سے لا علم جنونی بھارتی میڈیا جنگ کاماحول بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ بھارت تو علیحدگی کی تحریکوں پر قابو پانے میں ناکام ہے لیکن مشرقی سرحد پر سخت کشیدگی کے باوجود بھارتی ایما پر افغان سرحد سے ہونے والی دراندازی کو پاکستان نے کچھ اِس طرح ناکام بنایا ہے کہ جدید ترین اسلحہ سے لیس تمام تر 54دہشت گردوں کو بھون کررکھ دیا ۔لڑائی کے ایسے تجربے ،مہارت اور صلاحیت کا بھارتی فوج میںعشرعشیربھی نہیں ۔لہٰذا کہا جا سکتا ہے کہ اول تو جنگ ہو گی نہیں البتہ محدود نوعیت کی جھڑپوں کاامکان ہے۔ اِس وقت کچھ دوست ممالک کشیدگی ختم کرانے میں مصروف ہیں ۔اگربڑی جنگ ہوتی ہے تو پاک فوج ایسے حیران کُن نتائج دے سکتی ہے کہ بھارت کو لینے کے دینے پڑ جائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

.

ذریعہ: Juraat

کلیدی لفظ: پاکستان کا بھارت کو بھارت کی کے لیے

پڑھیں:

پاک بھارت کشیدگی اور بین الاقوامی قانون

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارتی اقدامات نے صورتحال کو بہت کشیدہ کردیا ہے اور کئی اہم قانونی سوالات کو جنم دیا ہے۔ تاہم اس مسئلے کی درست قانونی نوعیت کے فہم کے لیے ضروری ہے کہ بات پہلگام میں سیاحوں پر حملے تک محدود نہ رہے، بلکہ ابتدا سے اس مسئلے کا جائزہ لیا جائے۔

کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے

کشمیر کا مسئلہ دراصل تقسیمِ ہند کا منصوبہ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوا۔ انگریزوں نے برصغیر سے ’شرمناک فرار‘ (تقسیمِ ہند پر سٹینلے وولپرٹ کی کتاب کا عنوان ہے: Shameful Flight) اختیار کرتے ہوئے کشمیر کا مسئلہ لاینحل چھوڑ دیا تھا اور یہاں مستقل خونریزی کے بیج بو دیے تھے۔ بھارت کا موقف ہے کہ ریاستِ جموں و کشمیر کے مہاراجا نے اس کے ساتھ الحاق کیا جس کا حق اسے قانونِ آزادیِ ہند 1947ء نے دیا تھا۔ تاہم ایک تو اس دستاویز کی صداقت مشتبہ ہے؛ پھر مہاراجا نے چونکہ پہلے قائدِ اعظم کے ساتھ حالات کو ’جوں کا توں رکھنے‘ کا معاہدہ کیا تھا، اس لیے اس الحاق کی قانونی حیثیت بھی مشتبہ ہے؛ بالخصوص اس دستاویز پر دستخط کے وقت مہاراجا کا ریاست پر کنٹرول ختم ہوچکا تھا اور بھارتی فوجیں بھی ریاست میں داخل ہوچکی تھیں۔

ان سب باتوں سے بڑھ کر یہ کہ جب بھارت نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا فیصلہ مان لیا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام کریں گے، تو اس کا قانونی مطلب اس کے سوا کچھ نہیں تھا کہ وہ الحاق کےدعوے سے دستبردار ہوگیا ہے۔

چنانچہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے، بلکہ بین الاقوامی قانون کی رو سے کشمیر میں بھارت کی حیثیت ’قابض طاقت‘ کی ہے۔

بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر کو ’مقبوضہ علاقہ‘ قرار دینے کے کئی اہم قانونی نتائج ہیں؛  مثلاً:

قابض طاقت کو مقبوضہ علاقے پر ملکیت حاصل نہیں ہوتی اور جلد یا بدیر اسے وہاں سے نکلنا ہوگا؛ جب تک قبضہ برقرار ہے، تب تک قانوناً حالتِ جنگ برقرار رہتی ہے، خواہ اس قبضے کے خلاف کوئی مزاحمت نہ ہورہی ہو؛ مقبوضہ علاقے کے لوگوں سے قابض طاقت کی وفاداری کا حلف نہیں لیا جاسکتا؛ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو قابض طاقت کے خلاف مسلح مزاحمت کا حق حاصل ہے۔

یہ رہی اس مسئلے کی قانونی بنیاد۔

کشمیر کی قانونی حیثیت میں تبدیلی کی بھارتی کوششیں

بعد میں بھارت نے کئی بار اس بنیاد کو ڈھا دینے کی کوشش کی۔ ایسی 3 کوششوں پر خصوصاً بحث ہونی چاہیے۔

1957ء میں بھارت نے اپنے زیرِ تسلط علاقے میں نام نہاد انتخابات کرائے اور پھر ان انتخابات کے نتیجے میں جو اسمبلی وجود میں آئی، اس سے اپنے حق میں الحاق کی قرارداد منظور کروائی۔تاہم اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک دفعہ پھر قراردادوں کے ذریعے طے کیا کہ اس کارروائی کی وجہ سے کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں ہوئی اور نہ ہی یہ انتخابات اس استصوابِ رائے کی جگہ لے سکتے ہیں جو پوری ریاستِ کشمیر میں ہونے ہیں۔ یوں اس کوشش کے بعد بھی کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں ہوسکی۔

ایک اور کوشش بھارت نے تب کی جب مشرقی پاکستان کے سانحے کے بعد پاکستان فوج کی ایک بڑی تعداد کو قید کیا گیا تھا۔ اس کمزوری اور مجبوری کی حالت میں جولائی 1972ء میں جو شملہ معاہدہ طے پایا، اس کے 3 نکات اہم ہیں:

اس نے ’جنگ بندی کی لکیر‘ کا نام تبدیل کرکے اسے ’تسلط کی لکیر‘ کردیا، اور یہ بھارت کے اصرار پر ہوا؛ بعض علاقے جو پہلے پاکستان کے پاس تھے، اب بھارت کے تسلط میں آگئے (اگرچہ ایسا بہت کم ہوا)؛ اور اس نے طے کیا کہ تمام تنازعات فریقین باہمی مذاکرات سے حل کریں گے۔

بھارت کا یہ موقف ہے کہ شملہ معاہدے کے بعد سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی۔

تاہم یہ موقف غلط ہے کیونکہ کوئی بھی 2 ریاستیں آپس میں معاہدہ کرکے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں کو کالعدم نہیں کرسکتیں۔ پھر اس معاہدے میں تو یہ صراحت کی گئی ہے کہ دونوں ریاستیں اقوامِ متحدہ کے منشور اور اصولوں کی پابندی کریں گی۔ نیز یہ صراحت بھی کی گئی کہ کوئی فریق صورتحال میں یکطرفہ تبدیلی نہیں کرے گا۔ اس لیے عملاً اس معاہدے نے تو حالات کو ’جوں کا توں رکھنے‘ کا فیصلہ کیا، اور اس سے زیادہ کچھ نہیں۔

بھارت نے تیسری کوشش تب کی جب 5 اگست 2019ء کو  اس نے اپنے آئین کی دفعہ 370 منسوخ کردی۔ اس دفعہ کے تحت بھارت کے نظام میں ریاستِ جموں و کشمیر کے لیے خصوصی حیثیت متعین کی گئی تھی۔ اس کے بعد بھارت نے ڈومیسائل اور زمین کی ملکیت کے متعلق قوانین بھی تبدیل کرلیے۔

بھارت کے یہ اقدامات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے علاوہ شملہ معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی مبنی تھے۔ تاہم ان اقدامات کے بعد کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکا ہے کیونکہ بین الاقوامی قانون کی رو سے مقبوضہ علاقوں  (occupied territories) کو اپنے ملک کا حصہ بنانا (annexation) قطعاً ناجائز ہے۔ یہ اسی طرح کا settler colonialism ہے جیسے اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیاں آباد کرکے کرتا رہا ہے۔

مسئلے کی ان قانونی بنیادوں کی تفہیم کے بعد موجودہ بحران کے متعلق قانونی مسائل پر بحث کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

موجودہ بحران پر قانونی سوالات

موجودہ بحران کا آغاز پہلگام میں سیاحوں پر حملے سے ہوا۔ اس لیے پہلے اس پر بحث ضروری ہے۔

پہلگام میں سیاحوں پر حملے کی قانونی حیثیت کیا ہے؟

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سیاحوں اور عام شہریوں پر حملے غیر قانونی ہیں اور جنگ کے دوران میں بھی ایسے حملوں کی اجازت نہیں ہوتی۔ بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی رو سے یہ دہشتگردی کا واقعہ تھا۔ تاہم اس حملے کو بھارت کا ’اندرونی مسئلہ‘، یا ’بھارت پر حملہ‘ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ پہلگام اور ریاستِ جموں و کشمیر کے دیگر علاقے بھارت کا حصہ نہیں ہیں۔

کیا اس حملے کےلیے پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا جاسکتا ہے؟

بھارت نے تو حسبِ معمول پاکستان پر الزام دھرا ہے، لیکن ’ریاست کی ذمہ داری‘ کے جو اصول بین الاقوامی قانون میں طے شدہ ہیں (جیسا کہ ’نکاراگوا بنام امریکا‘ اور دیگر مقدمات میں بین الاقوامی عدالتِ انصاف نے طے کیے ہیں)، ان کی رو سے اس حملے کے لیے پاکستان کو تب تک ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا جب تک یہ ثابت نہ کیا جائے کہ یہ حملے پاکستان نے کروائے، یا ایسے علاقے سے ہوئے جو پاکستان کے کنٹرول میں تھا اور اس کے ساتھ ساتھ یہ کہ پاکستان کو اس حملے کے بارے میں پیشگی علم تھا لیکن اس نے اسے روکنے کی کوشش نہیں کی۔

میڈیا پر شوروغل الگ بات ہے لیکن بھارت ابھی تک ایسی کوئی چیز پیش نہیں کرسکا ہے جس کی بنا پر پاکستان کو اس حملے کے لیے ذمہ دار قرار دیا جاسکے۔

کیا سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا منسوخ کیا جاسکتا ہے؟

کسی بھی معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کے لیے سب سے پہلے اسی معاہدے میں دیکھنا ہوتا ہے کہ اس کے لیے کیا طریقِ کار مقرر کیا گیا ہے۔ اگر اس معاہدے میں ایسا کوئی طریقِ کار مقرر نہ کیا گیا ہو، تو اس کے بعد ویانا کنونشن برائے معاہدات، 1969ء، میں طے کیے گئے اصولوں پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔ سندھ طاس معاہدے میں صراحت کی گئی ہے کہ اس معاہدے کو فریقین باہمی معاہدے کے ذریعے ہی تبدیل یا منسوخ کرسکتے ہیں اور اس کے لیے اس معاہدے کی دفعہ 12 میں طریقِ کار دیا گیا ہے۔ نیز تنازعات کے حل کے لیے فریقین کی جانب سے ایک ایک کمشنر مقرر کرنے کا طے کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ ’ثالثی عدالت‘ بنانے کی بات کی گئی ہے۔ نیز معاہدات پر اختلاف یا تنازعے کی صورت میں اقوامِ متحدہ کی رکن ریاستیں بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے ذریعے فیصلہ کرا سکتی ہیں۔ ان ساری باتوں کو ترک کرکے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی اقدام کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہے۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ سندھ طاس معاہدے کا موضوع دریاؤں کے پانی کی تقسیم ہے اور پہلگام کے واقعے کا پانی کی تقسیم کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔ اس لیے اسے بنیاد بنا کر پانی کی تقسیم کا معاہدہ معطل کرنا قانوناً بالکل غلط ہے۔

سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے قانونی نتائج کیا ہیں؟

یہ معاہدہ معطل کرکے بھارت نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اس معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پاکستان پر دریاؤں کا پانی اپنی مرضی سے بند کرسکتا ہے۔ اس لیے یہ 25 کروڑ انسانوں کی زندگی اور موت کا سوال ہے اور بھارت کا یہ اقدام ہر لحاظ سے ’جارحیت‘ (aggression) کی تعریف میں داخل ہے۔ اقوامِ متحدہ کے منشور کی دفعہ 2، ذیلی دفعہ 4، کی رو سے صرف ’طاقت کا استعمال‘ ہی ناجائز نہیں ہے، بلکہ اس کی ’دھمکی‘ بھی ناجائز ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1974ء میں ’جارحیت‘ کی جو تعریف متعین کی، اس میں بھی ’طاقت کا استعمال یا اس کی دھمکی‘ کا ذکر کیا۔ نیز اقوامِ متحدہ کے وجود میں آنے سے قبل ’رواجی بین الاقوامی قانون‘ میں ’اقتصادی جارحیت‘ کو بھی ’مسلح جنگ‘ کے مترادف مانا جاتا تھا، اور ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اقوامِ متحدہ کے منشور نے اس رواجی قانون کو منسوخ کردیا ہو۔

بھارتی اقدام کے بعد کیا پاکستان کو دفاع کا حق حاصل ہے؟

جب یہ مان لیا گیا کہ بھارت کی یہ ’اقتصادی جارحیت‘ اور ’آبی جارحیت‘ دراصل اس ’جارحیت‘ کی ایک قسم ہے جس کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور نے ناجائز قرار دیا ہے، تو اس کے بعد یہ ماننے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کہ پاکستان کو اس کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔

جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 نے حقِ دفاع کو صرف ’مسلح حملے‘ کی صورت میں ہی جائز مانا ہے، وہ کئی باتوں کو نظر انداز کررہے ہیں۔ مثلاً یہ کہ یہی دفعہ 51 حقِ دفاع کو ریاستوں کا ایسا حق قرار دیتی ہے جسے ان سے چھینا نہیں جاسکتا (inherent right)؛ نیز، جیسا کہ ذکر کیا گیا، منشور نے طاقت کے استعمال کے علاوہ اس کی دھمکی کو بھی ناجائز قرار دیا ہے؛ اس کے علاوہ یہ کہ دفعہ 51 میں مذکور قیود اس مفروضے پر مبنی تھیں کہ سلامتی کونسل جارح ریاست کو روکنے کی ذمہ داری پوری کرے گی، لیکن عملاً ایسا نہیں ہوسکا؛ اور سب سے اہم بات یہ کہ منشور نے کہیں یہ نہیں لکھا کہ اس نے اس حقِ دفاع کو منسوخ کردیا ہے جو منشور سے پہلے ریاستوں کے پاس تھا۔

شملہ معاہدے کی معطلی کے قانونی نتائج کیا ہیں؟

پاکستان کی قومی سلامتی کونسل نے شملہ معاہدے کی معطلی کی جو بات کی ہے، وہ دراصل سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارتی اعلان کا جواب ہے۔ اوپر واضح کیا گیا کہ شملہ معاہدے نے کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں کی ہے، لیکن بھارت اس معاہدے کو بنیاد بنا کر کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں سے جان چھڑانے کی بات کرتا ہے۔ اس لیے اس معاہدے کی معطلی کی بات سے مقصود بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ جس بنیاد پر وہ دنیا کے سامنے اپنا موقف رکھتا ہے، وہ بنیاد ہی اس سے چھین لی جائے گی۔ یہ اقدام، جیسا کہ ذکر کیا گیا، 2019ء میں کرلینا چاہیے تھا، لیکن بہرحال، دیر آید درست آید۔

کیا حقِ دفاع کے تحت پاکستان بھارت یا مقبوضہ کشمیر میں ڈیموں کو نشانہ بنا سکتا ہے؟

پاکستان کو دفاع کا حق حاصل ہے اور بھارت کی جانب سے مسلح حملے سے قبل بھی وہ دفاع کا یہ حق استعمال کرسکتا ہے۔ تاہم یہ اصول یاد رہے کہ جنگ کو منضبط کرنے کا بین الاقوامی قانون، جسے بین الاقوامی قانونِ انسانیت کہا جاتا ہے،  ہر ایسے ہدف پر حملے کو ناجائز قرار دیتا ہے جس کا نقصان فوجیوں کے علاوہ عام شہریوں کو بھی پہنچے۔ اس لیے ڈیم، بجلی گھر، نیوکلیر ری ایکٹر وغیرہ پر حملہ قانوناً ناجائز ہے۔ البتہ حقِ دفاع  کو استعمال کرتے ہوئے نئے ڈیم بنانے سے روکنے کے لیے  اور نیز اپنے لیے پانی کا بہاؤ یقینی بنانے اور بھارت کو یہ پانی بند کرنے سے روکنے کے لیے پاکستان مناسب اقدامات اور جنگی کارروائی کرسکتا ہے۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

محمد مشتاق احمد

ڈاکٹر محمد مشتاق احمد شفاء تعمیرِ ملت یونیورسٹی اسلام آباد میں پروفیسر اور سربراہ شعبۂ شریعہ و قانون ہیں۔ اس سے پہلے آپ چیف جسٹس آف پاکستان کے سیکرٹری اور شریعہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد، کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ آپ سول جج/جوڈیشل مجسٹریٹ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔ آپ اصولِ قانون، اصولِ فقہ، فوجداری قانون، عائلی قانون اور بین الاقوامی قانونِ جنگ کے علاوہ قرآنیات اور تقابلِ ادیان پر کئی کتابیں اور تحقیقی مقالات تصنیف کرچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • 22 اپریل 2025
  • بار بار بھارت کو بتا رہے ہیں پاکستان کو آزمانا نہیں، یہی بات 2019 میں بھی بتادی تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر
  • اسرائیل، شام کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے، رجب طیب اردگان
  • پاکستان کے پہلگام معاملے پر عالمی برادری سے 6 سوالات
  • پاک بھارت کشیدگی اور بین الاقوامی قانون
  • مودی جی ہم نے ثبوت رکھ دیے اب آپ بھی لے آیے ثبوت
  • بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحانہ تیاریاں، پاکستان چوکنا رہے!
  • پاک بھارت کشیدگی
  • بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے ثالثی عدالت کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، اشتر اوصاف