غزہ پر اسرائیل کا خوفناک حملہ، 28 فلسطینی شہید، یورپی اسپتال کے قریب 9 بنکر بسٹر بم گرائے گئے
اشاعت کی تاریخ: 14th, May 2025 GMT
غزہ: جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس پر اسرائیلی فوج نے شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں 28 فلسطینی شہید اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے یورپی اسپتال کے احاطے میں 9 بنکر بسٹر بم گرائے، جن کے دھماکوں سے زمین پھٹ گئی اور اسپتال کے قریب کھڑی ایک بس زمین میں دھنس گئی۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حملے کا ہدف حماس کے رہنما تھے، جو مبینہ طور پر اسپتال کے نیچے بنے زیرِ زمین کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس میں موجود تھے۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حماس کے معروف رہنما یحییٰ سنوار کے بھائی محمد سنوار کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
اسرائیلی فوج کی بمباری زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والوں پر بھی کی گئی، جس سے شہادتوں میں مزید اضافہ ہوا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ زمین دھنسنے اور بم دھماکوں سے علاقہ لرز اٹھا، اسپتال کے اندر اور اطراف خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو اس وقت مشرق وسطیٰ کے دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں، نے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ: "غزہ کے عوام ایک بہتر مستقبل کے حقدار ہیں، یہ ڈراؤنا خواب ختم ہونا چاہیے، میں دنیا بھر میں امن کا خواہاں ہوں۔"
ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں اور دہشت گردی کے باعث خطے میں بے گناہ لوگوں کی جانوں کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسپتال کے
پڑھیں:
پشاور میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا
پشاورکے علاقے ماڑی تھانے کی حدود میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاورمیں بھانہ ماڑی تھانے کی حدود قمر دین چوک کے قریب پولیس موبائل کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔