پاکستانی ہائی کمیشن اوٹاوا میں یومِ تشکر کی تقریب کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 17th, May 2025 GMT
پاکستان ہائی کمیشن اوٹاوا میں آج "یومِ تشکر" منایا گیا جس کا مقصد پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج کو آپریشن "بُنیانُ المرصوص" اور "معرکۂ حق" کے دوران ان کی بے مثال قومی یکجہتی اور جرأت کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خطاب میں پاکستانی قوم کے عزم، قیادت کی حکمت اور مسلح افواج کی دلیری کو سراہا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے تحمل اور محتاط ردعمل کو اجاگر کیا اور ان دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کشیدگی کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کیا۔
ہائی کمشنر نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلے کے حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
تاریخی فتح پر یوم تشکر: مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا: وزیراعظم
لاہور؍اسلام آباد؍ گوجرانوالہ؍ شیخوپورہ؍ قصور؍ ننکانہ؍ حافظ آباد (خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندگان) آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے شکست دینے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں جمعہ کو یوم تشکر بھرپور ملی وقومی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ افواج پاکستان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یوم تشکر پر ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد اور گھروں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے نے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی گئیں اور نماز جمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیاگیا۔ کراچی میں مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔ لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی اور معرکہ حق ریلی میں شرکت کی اور قومی اتحاد و جذبے کو سراہا۔ مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح خیبرپی کے میں بھی یوم تشکر بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں عوام اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور دعائوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر فجر کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ خطبات جمعہ میں قربانی، وحدت اور تشکر پر روشنی ڈالی گئی۔ مشیر اطلاعات کے پی کے نے مزید کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں اور قبروں پر پھول چڑھائے گئے جبکہ قومی ہیروز کے مزارات پر حاضری، خراج تحسین پیش کیا گیا۔ گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے یوم تشکر پر گورنر ہائوس پشاور میں پرچم لہرایا۔ انہوں نے شہداء کی وطن کیلئے قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کی یادگار پر دعائیہ تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مزار پر پھول رکھے گئے اور پاک فوج کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔ اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ملک کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بھر میں بھی تقریبات ہوئیں، یادگار شہداء پر پھول رکھے گئے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ مساجد میں شکرانے کے نوافل اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہریوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج زندہ باد، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کے نعروں کی گونج ہر طرف چھائی رہی۔ اساتذہ نے بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے پر نظمیں پیش کیں۔ یوم تشکر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بھی خصوصی پیغامات جاری کئے اور عظیم کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جبکہ یوم تشکر پر میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر بھی سلامی کی تقریب ہوئی۔ گیریژن آفیسر کمانڈر میجر جنرل رائو عمران سرتاج نے حاضری دے کر قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ جی او سی نے آرمی چیف کی طرف سے قبر پر پھول چڑھائے۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران نے معرکہ حق آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں فتح یابی پر خصوصی جرگے کا انعقاد کیا جس میں قبائلی مشران و عمائدین سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج ہمارے پاسپورٹ کی ویلیو میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو بتا دیا پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ گورنر سندھ نے یوم تشکر کے موقع پر ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ دشمن نے رات کے اندھیرے میں جنگ مسلط کی اور ختم اللہ نے ہماری مرضی سے کی۔ بھارتی جارحیت کیخلاف پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے بھارت کو ایک ہی جواب دیا، کلمہ کے نام پر بننے والے پاکستان میں ہم سب ایک قوم ہیں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معرکہ حق میں تاریخی فتح کے حوالہ سے وزیراعظم ہائوس کے سبزہ زار میں قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کی تقریب جمعہ کو یوم تشکر کے موقع پر وزیراعظم ہائوس کے سبزہ زار میں ہوئی۔ سبز ہلالی پرچم کو لہرانے کے بعد وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قومی پرچم کو خصوصی سلامی دی۔ اس موقع پر پیغام میں وزیر اعطم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے لیکن ہم اپنے دفاع میں بھرپور جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ پاکستان کی بہادر اور پیشہ ورانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔ جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ کا ڈھیر اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں۔ یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔ بہادر افواج نے دشمن کو جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا۔ دشمن کے فوجی اڈے، اسلحہ کے انبار اور ائر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے کھنڈرات بن گئے۔ بھارتی رافیل شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے۔ قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن کو چند گھنٹوں میں نشان عبرت بنا دیا۔ یہ ہماری غیرت، اصولوں کی فتح ہے۔ یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خود دار، غیرت مند اور باوقار پاکستان کی قوم کی کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر اپنی قوم کی طرف سے جنرل سید عاصم منیر کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا۔ میں اس کے ساتھ ساتھ چیف آف ائر سٹاف ظہیر بابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قیادت میں پاکستان نیوی پاکستان کے سمندری پانیوں کی حفاظت کرتی رہی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم تشکر کے موقع پر لاہور سمیت متعدد شہروں میں یوم تشکر مارچ، ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر کی مساجد میں افواج پاکستان، شہداء پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یوم تشکر مارچ، ریلیوں میں ہزاروں افراد نے پاکستانی پرچم اٹھائے شرکت کی اور بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارت کے خلاف اور پاکستان کیحق میں نعرے لگائے، لاہور میں بڑا پروگرام پاکستانی چوک سے اچھرہ بازار تک یوم تشکر مارچ کیا گیا۔ کوئٹہ میں فتح بنیان مرصوص ریلی نادرا آفس سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ ملتان میں نیو شمس کالونی میں یوم تشکر بنیان مرصوص مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ ایبٹ آباد میں فوارہ چوک تا پریس کلب یوم تشکر کے سلسلہ میں فتح معرکہ حق ریلی نکالی گئی۔ حیدرآباد میں مرکز سعد بن معاذ سے پریس کلب تک اظہار تشکر ریلی نکالی گئی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک، فیصل ندیم، عارف اللہ خٹک،چوہدری محمد سرور، شیخ فیاض احمد، حمید الحسن ،احسان اللہ منصور،عمران لیاقت بھٹی، انجینئر حارث ڈار، مزمل اقبال ہاشمی، عقیل احمد لغاری ودیگر نے خطبات جمعہ کے اجتماعات، یوم تشکر مارچ، ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تشکر، معرکہ بنیان مرصوص ہماری قومی یکجہتی کی علامت ہے،مسلح افواج نے دس مئی کو بھارت کومنہ توڑ جواب دے کر بھکاری بنادیا،بھارت کیخلاف پاکستان کا بچہ بچہ تیار ہے۔ معرکہ حق کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مرکزی مسلم لیگ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہے گی، ہم آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر سپہ سالا ر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت عسکری و سول قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم تشکر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں، شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی بے مثال قربانیوں کی بدولت معرکہ حق میں فتح نصیب ہوئی۔بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی کے حوالے سے قوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر منا رہے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی صرف پاکستانی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی۔صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پیشہ ورانہ انداز میں بھربور قوت سے جواب دیا، دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری آپریشنل مہارت کو تسلیم کیا۔ پاکستان پْرامن ملک ہے، ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، تاہم پاکستان اپنی خود مختاری، جغرافیائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں،یوم اظہار تشکر کے سلسلہ میں یادگار شہداء لاہورمیں پروقاراوریادگار تقریب کی گئی ۔ کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ (ہلال امتیاز)ملٹری پروقارتقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔حاضرسروس وریٹائرڈ فوجی آفیسرز، شہداء کے ورثاء اورسینئر سول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔کمانڈرلاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ ملٹری نے یادگار شہداء پرپھولوں کی چادر چڑھائی ۔حاضرسروس وریٹائرڈ فوجی اورسینئرسول آفیسرزنے یادگار شہداء پرپھول رکھے اوربلندی درجات کیلئے دعا کی ۔ کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ (ہلال امتیاز) ملٹری نے تقریب میں پرچم کشائی کی ۔گلوکاروں اورجی سی یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے پرجوش اورخوب صورت اندازمیں ملی نغمے پیش کئے ۔ پاکستان رینجرز پنجاب ڈرل سکواڈ کی بہترین پرفارمنس کوشرکاء نے بیحد پسند کیا اور انہیں خوب سراہا۔کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ (ہلال امتیاز) ملٹری نے یادگار شہداء سے خطاب کیا ۔کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے اپنے خطاب میں شہداء اورغازیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔ کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے پاک فوج کی تاریخی کامیابی پراللہ تعالیٰ کاشکر اداکیا ۔کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ کا بہترین دفاعی حکمت عملی پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کوخراج تحسین پیش کیا ۔کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے پاک فوج سے والہانہ محبت اور بھرپورحمایت کرنے پرقوم کاشکریہ اداکیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم تشکرکے موقع پر مزار اقبال پر حاضری دی۔ مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی موجود تھے۔اس موقع پر ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ معرکہ حق کی شاندارکامیابی پر آج پوری قوم یوم تشکر منارہی ہے اور واقعی یوم تشکر اسی انداز سے منانا چاہئے۔ اْنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے سے زیادہ طاقتور،غرور اور تکبرسے بھرے دشمن کے خلاف بہت بڑی فتح دی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ تمام فورسز کو بالخصوص سپہ سالارکو، ایئرچیف اوربحری چیف کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے زبردست طریقے سے بھارت کو شکست دی اور ان کا غرورخاک میں ملادیا۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں جمعہ کے روز "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا۔جمعے کی ادائیگی کے بعد پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئی اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش جبکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جمعے کے بڑے اجتماع سے صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ ہشام الہی ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بحیثیت پاکستانی قوم ہم سب کو ملکر مملکت پاکستان کے دفاع اس کی سلامتی کے لئے صف اول کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ پاکستانی قوم اس کی بہادر افواج عزم قربانی کے جذبے سے سرشار ہے۔آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت اور اس کے پروپیگنڈے کا پاک فوج نے داندان شکن جواب دیکر پوری قوم بلکہ امت مسلمہ کیسر فخر سے بلند کر دئیے ہیں۔ان شاء اللہ تعالی بھارت نے اگر پاکستان پر دوبارہ حملے کی ناپاک کوشش کی تو اسے نشان عبرت بنا دیاجائے گا۔انہوں نے مزید کہا غزہ میں جاری موت کا رقص اور عالمی برادری، مسلم حکمرانوں کی بے بسی و بے حِسی لمحہ فکریہ ہے۔ فلسطین کی آزادی کے لئے بھی اسی قسم کے جذبے ایمان اتحاد اتفاق ولولے طنطنعے کی ضرورت ہے۔تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام یوم بنیان مرصوص منایا گیا خطبات جمعہ میں فضیلت جہاد اور نظریہ پاکستان کو بیان کیا گیا اور افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں بنیان مرصوص کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: آپریشن بنیان مرصوص نے پوری دنیا میں پاکستان کی دھاک بٹھا دی ہے۔ افواجِ پاکستان کو تاریخی فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہیں کانفرنس میں مفتی محمد ادریس جلالی، مولانا محمد عامر منور جلالی، مفتی محمد ذوالفقار علی جلالی، مفتی محمد فرید احمد جلالی، حاجی محمد کتاب جان، میاں محمد الیاس جلالی، حاجی محمد بوٹا صدیقی، محمد منیر قادری و دیگر نے شرکت کی۔ عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں جمعتہ المبارک کے دن پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا۔ جسکی قیادت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی اس موقع پر سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری و دیگر خصوصی طور پر شریک ہوئے جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء اکرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔ جن میں مولانا قاضی عبدالغفار قادری، علامہ محمد رشید ترابی، پیر ولی اللہ شاہ بخاری، مولانا احسان اللہ تبسم، علامہ کاظم رضا نقوی، مولانا نعیم بادشاہ، علامہ شکیل الرحمن ناصر، مفتی فتح محمد راشدی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، علامہ سجاد حسین جوادی، مفتی محمد شفیق اعوان، حافظ نعمان حامد جالندھری، مولانا عبید اللہ قادری و دیگر سیاسی راہنماء صحافی حضرات اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور کثیر تعداد میں عوام الناس شریک ہوئے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے ازلی دشمن بھارت کے مقابلے میں پاکستان کو بڑی تاریخی کامیابی سے نوازہ بھارتی جارحیت کے خلاف ہونے والے آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق تاریخی فتح پر آج پورے پاکستان میں قومی سطح پر یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔ افواج پاکستان نے ثابت کر دیا وطن کے دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ چند گھنٹوں میں دشمن کا وہ حشر کیا جسے دنیا یاد رکھے گی۔ بھارت کا جنگی جنون ختم ہو گیا ہے۔ بھارت نے پاکستان پر جارحیت کر کے سنگین غلطی کی ہے جسکا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ آئندہ بھی دشمن کو عبرت ناک سبق سکھائیں گے۔ ہمارے سپہ سلار جنرل عاصم منیر صاحب نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔ مودی قصاب کو دنیا نے رسواء ہوتے دیکھا ہے لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے۔ پوری امت مسلمہ کی دعائیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن عزیز پاکستان کو تاقیامت قائم، دائم رکھے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج پوری قوم ممبر اور محراب سے تعلق رکھنے والے علما و مشائخ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت انتہا پسند رہاست ہے بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے سنگین غلطی کی ہے۔ پاکستان میں بھارتی جارحیت معصوم شہریوں کی شہادت مساجد پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ مساجد اور عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے کون ہیں۔ اس موقع پر اسلام زندہ باد، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، کے فلک شگاف پرجوش نعرے لگائے گئے۔ اور یوم تشکر کے موقع پر پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر کے حوالے سے بیان میں کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، افواجِ پاکستان کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، یہ ایک تجدید عہد ہے کہ جب بھی وطن عزیز کی بقا پر حرف آیا، ہم سب اسی طرح متحد اور بلند حوصلہ رہیں گے، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے خطے میں بھارت کی مصنوعی عسکری برتری کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں یوم تشکر کی خصوصی تقریب ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن تشکر کا ہے۔ یہ دن صدیوں بعد کسی کسی کو ملتا ہے۔ شہبازشریف کا کہنا ہے تھا کہ دشمن نے ہماری مخلصانہ پیشکش کو حقارت سے ٹھکرایا۔ ہم نے پیشکش کی تھی کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 مئی کی رات کو افواج پاکستان کے سپہ سالاروں سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں طے پایا کہ دشمن نے آخری حد بھی پار کر لی، دشمن نے ہمارے شہریوں کو حملہ کرکے انہیں شہید کر دیا جس میں 6 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔ دشمن نے یہ پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے اندر جاکر بھی حملہ کر سکتے ہیں۔ اس دشمن کے 6 طیارے مار گرائے جو جنوبی ایشیا میں خود کو تھانے دار سمجھتا تھا۔ دشمن کے رافیل بھی مارے اور ان کے ڈرونز بھی گرائے۔ دشمن دھمکیاں دیتا رہا۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ جواب دیں گے۔ 9 اور 10 مئی کی رات آرمی چیف نے بتایا کہ دشمن نے میزائل داغے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے اجازت دیں کہ ہم دشمن کو جواب دیں، دشمن کو ایسا تھپڑ ماریں گے کہ یاد کرے گا۔ پاکستان کے جواب سے دشمن کو پھر منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی۔ آج دنیا بھر میں یہ بات ہو رہی ہے کہ پاکستان نے کامیابی کیسے حاصل کی۔ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی دعائیں تھیں جو اللہ تعالیٰ نے قبول کیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس سفر کا آغاز کریں کہ جس کیلئے پاکستان وجود میں آیا تھا۔ لاکھوں شہیدوں کی روحیں پکار رہی ہیں کہ آؤ پاکستانیو قائداعظم کا پاکستان بناؤ۔ آج جو وحدت ہے اس کو اپنا سرمایہ بنا دیں تو پاکستان اپنا مقام حاصل کر لے گا۔ اب ہمیں معاشی میدان میں دس مئی کو معرض وجود میں لانا ہے۔ کشیدہ صورتحال میں یکجہتی کے اظہار پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔ کشیدگی میں کمی کیلئے صدر ٹرمپ کے اہم کردار کا معترف ہوں۔ امن کیلئے امریکی صدر ٹرمپ نے قائدانہ کردار ادا کیا۔ ہم نے تین جنگیں لڑیں جس سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ہمیں پرامن ہمسائے کی طرح بیٹھ کر مذاکرات کرنا ہوں گے۔ اگر ہم مستقل امن چاہتے ہیں تو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا بہت بڑا شکار ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نے 90 ہزار جانیں گنوائی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں 150 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شاہینوں نے دشمن کو ایسا ڈراؤنا خواب دکھایا جس سے وہ قیامت تک نہیں نکل سکتا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اپنا فخر قرار دیا اور کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو جو جواب دیا وہ یادگار ہے۔ اسلام آباد میں یوم تشکر کی مناسبت سے تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہمارا فخر ہے اور ہم نے کچھ چھپایا نہیں ساری حقیقت بتا دی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار پورے معاملے میں شان دار رہا ہے۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا۔آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی 16 مئی یوم تشکر اور قومی دن کے طور پر منایا گیا۔ مرکزی تقریب، فتح مبین کیک کٹنگ، پرچم کشائی اور ریلی ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کی طرف سے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سابقہ ایم این اے شازیہ فرید، ممبران صوبائی اسمبلی معظم رؤوف مغل، عمران خالد بٹ، قیصر اقبال سندھو، عبدالرؤف مغل، اقبال گجر، وقار احمد چیمہ، بلال فاروق تارڑ، پیر غلام فرید، امان اللّٰہ وڑائچ، ایس ایس پی آپریشنز رضوان طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) شبیر حسین بٹ، (جنرل) فیصل سلطان، اسسٹنٹ کمشنرز اقراء مبین گوندل، ناصر شہزاد ڈوگر (یو ٹی) عبدالقدیر زرقون، دیگر محکموں کے افسران اور ممبران امن کمیونٹی، مسیحی کمیونٹی، تاجر برادری اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ قومی ترانہ کے بعد پریڈ اور سلامی پیش کی گئی۔ تقریب میں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہداء کی قربانیوں، قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ اس دوران فضا "پاکستان زندہ باد" اور "افواجِ پاکستان پائندہ باد" کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ افواجِ پاکستان دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایات پر ضلع شیخوپورہ میںبھی یوم تشکر کی تقریبات ہوئیں۔ دن کا آغاز قومی سلامتی کی دعائوں، قومی ترانے، شہداء کی یادگار پر پھولوںکے گلدستے رکھنے سے کیا گیا اور بعدازاں ضلع کونسل ہال میں یوم تشکر کی تقریب اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی بھی نکالی گئی جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہوکر ریلوے روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول ، آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل تھے جبکہ صدارت ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر شیخ نے کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر عثمان اجلیس، اے ڈی سی جی نعمان علی ڈوگر، اے ڈی سی فنانس میاں نذیر احمد، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری شہباز احمد چھینہ، صدر بار امجد علی گوپے را ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ پیر اشرف رسول ایم پی اے نے کہا کہ بھارتی عزائم خاک میں ملانے پر نڈر لیڈر شپ، دلیر افواج اور پاکستانی قوم یک دل و یک جان ہیں۔ وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ فضائی برتری ختم ہونے پر دشمن کے خواب چکناچور ہوگئے ہیں۔ دشمن زخم چاٹنے پر مجبور ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن بھارت کو شکست دی، اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پنجاب کونسل آف آرٹس شیخوپورہ کی طرف سے یوم تشکر تقریب کا انعقاد کیا گیا اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی جو آرٹس کونسل دفتر سے شروع ہوکر سٹیڈیم مین گیٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب کی تقریب کی صدارت ڈویژنل ڈائریکٹر افراز احمد نے کی جبکہ تقریب میں سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور کارکنان کے علاوہ سول سوسائٹی کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پاک فوج کے جوانوں کی طرف سے دشمن کے گھر میں گھس کر اس کے دہشت گردی کے ٹھکانوں کو نیست ونابود کرکے پوری دنیا کو بتلا دیا ہے کہ پاک فوج دنیاکی بہترین اور پاکستانی قوم اپنی فورسز کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ پنجاب کونسل آف آرٹس شیخوپورہ، محکمہ اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب کی طرف سے بھی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پرچم کشائی، قومی ریلی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں، طلباء، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، ترقی اور اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ قصور کے زیر اہتمام ڈی پی ایس میں پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم تشکر کی پْرجوش تقریب ہوئی۔ تقریب کے آغاز میں تمام عسکری و سیاسی قیادت نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پرچم کشائی میں حصہ لیا۔ تقریب میں پاک فوج، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، پولیس سمیت قصور کی تمام عسکری قیادت، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ تقریب میں سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاک فوج کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ رانا محمد اقبال نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے شکست دینے اور تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے ان شاہینوں کو بھی سلام پیش کیا گیا جنہوں نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا کر عظیم فتح کو ممکن بنایا۔ بچوں نے لہو کو گرمانے والے ملی نغمے پیش کئے گئے۔ پاک فوج کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی جس میں پاک فوج کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ریسکیو 1122 قصور نے 16 مئی پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر یوم تشکر کے طور پر منایا۔ چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور ریلی کی صورت میں مارچ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پبلک سکول آڈیٹوریم پہنچے جہاں پر پاک آرمی، پنجاب پولیس دیگر ضلعی ادارے سول سوسائٹی اور مقامی ایم پی اے کے ساتھ مل کر قومی پرچم کو سلیوٹ پیش کیا۔ اس موقع پر طلباء نے قومی وحدانیت کے حوالے سے پرجوش تقاریر کیں اور افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام یوم تشکر کے موقع پر ریلوے روڈ سے گوردوارہ جنم استھان تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے کی۔ ریلی میں سیاسی رہنماؤں، ضلعی افسران، اقلیتی برادری، تاجران سمیت سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی شرکاء نے پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے کہا کہ افواج پاکستان نے 10 مئی کو ہمت و جوانمردی کی انمٹ مثال قائم کی۔ پاکستانی قوم صحیح معنوں میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر یوم معرکہ حق بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے ضلعی پولیس لائن میں یادگار شہداء پر حاضری دی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، شہداء کے بلند درجات اور ملکی محافظوں کے لیے خصوصی دعا کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے کیپٹن حسنین نواز شہید کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ کیپٹن حسنین نواز شہید (تمغہ بسالت) نے 15 اکتوبر 2017 کو پاک افغان بارڈر پر دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ تسلیم اختر رائو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔ یومِ تشکر کے موقع پر ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، سیاسی رہنماؤں، ضلعی افسران، شہریوں کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے پرچم کشائی کی۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔ حافظ آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم تشکر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ معرکہ حق کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ہوئی۔ جہاں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے پرچم کشائی کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ گلزار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اینڈ فنانس حامد ناصر گورائیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مختلف محکموں کے افسران، ملازمین اور شہریوں نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر شہر کی چھوٹی بڑی مساجد میں نماز فجر اور نماز جمعہ کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، افواج پاکستان سے یکجہتی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی اور دعائیں کی گئیں۔ مقامی علمائے کرام ، امن کمیٹی کے اراکین اور شہریوں نے مساجد میں قرآن خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، استحکام، ترقی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر ملکی سرحدوں کی محافظ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی اور پاک فوج کے شہداء کے ایصال ثواب کے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ یوم تشکر کے سلسلہ میں ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں، گورنمنٹ سنٹر آف ایکسی لینس، ڈسٹرکٹ پبلک سکولز میں بھی تقریبات ہوئیں اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے گورنمنٹ ڈبل سیکشن گرلز ہائی سکول میں تقریب میں شرکت کی۔ سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد انور جاوید، سکول پرنسپل، اساتذہ اور طالبات تقریب میں شریک تھیں۔ طالبات نے وطن سے محبت اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ٹیبلوز، ملی نغمے اور مختلف پروگرام پیش کیے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری آپریشن معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ شہید عثمان یوسف کے گھر گئے جہاں انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، اظہار تعزیت کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جا کر ان کے والد اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے شہید کی وطن کیلئے خدمات اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہم اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے۔ وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں زخمی جوانوں اور شہریوں کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم نے زخمی جوانوں کی معرکہ حق کے دوران بے مثال بہادری، عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔ وزیر اعظم پاکستان نے کہا ’’جس طرح افواج پاکستان اور پوری قوم نے یہ جنگ لڑی، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی‘‘۔ عوام کی ثابت قدمی ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکی ہے۔