امن پہلا انتخاب ہے، دوبارہ حماقت کی تو جواب شدید تر ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی
اشاعت کی تاریخ: 25th, May 2025 GMT
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500 سے زیادہ طلبا کے ساتھ منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہم امن پسند ہیں، امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے، اگر تم نے دوبارہ یہ حماقت کی تو ہمارا جواب اس سے بھی شدید ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے 2500 سے زیادہ طلبا کے ساتھ منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فضا پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں کی گونج اور "پاکستان ہمیشہ زندہ باد" کے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو گرما دیا۔ پختون طلبہ نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا خطاب میں کہنا تھا کہ اللہ کے حکم سے پاکستان آہنی دیوار بن کرکھڑا ہوا ہے اور مودی کی حکمت عملی کو غلط ثابت کر دیا، لوگ سمجھتے تھے کہ یہاں کے عوام اور فوج ایک دوسرے سے دور ہیں، ہر گز نہیں، یہ قوم اور فوج ہمیشہ سے ایک مٹھی کی طرح تھی اور ایسے ہی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے فیصلہ کیا کہ ہندوستان کو 26 جگہ پر جواب دیں گے، مظفرآباد کا سات سالہ ارتضیٰ جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے آرڈر پر شہید ہوا اس پورے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کردیا، 6 اور 7 مئی کو پاکستان کے معصوم بچوں کو شہید کرنے والے جہاز جن اڈوں سے اڑے تھے، ان سب کو تباہ کردیا۔ کیا آپ کی فوج نے کسی ایک سویلین انفراسٹرکچر، آبادی یا مندر کو نشانہ بنایا؟ نہیں، کیونکہ ہم امن پسند ہیں، ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دشمن کو خبردار کیا کہ اگر تم نے دوبارہ یہ حماقت کی تو ہمارا جواب اس سے بھی شدید ہوگا، پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوتی ہے چاہے فتنہ خوارج ہو یا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان، اس ایک ایک دہشت گردی اور ایک ایک شہید کے پیچھے ہندوستان کا چہرہ ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مساجد کو شہید اور لوگوں کو ذبح کرنے والوں کا اسلام، خیبر پختونخوا، پختونوں کی روایات سے کوئی تعلق نہیں، خارجی نور ولی کہتا ہے کہ اسلام میں اجازت ہے کہ آپ کافروں سے مدد لیں، اسلام کے تحت کفر اور حق آپس میں اکٹھے نہیں ہو سکتے، اسی طرح خارجی اور اسلام اکٹھے نہیں ہوسکتے، تم کشمیر کی بچیوں کی عزت کو پامال کرنے والے ہندوستان سے مدد مانگتے ہو۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان بھائیوں سے کہتے ہیں براہ مہربانی دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو، ہندوستان کے آلہ کار نہ بنو، خیبر پختونخوا کے بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں وہ وقت آ گیا ہے جب کشمیر بنے گا پاکستان۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے، مسئلہ ان کی اشرافیہ ہے، جن کو ہندوستانی پیسہ دیکر خریدتا ہے اور پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، اپنے افغان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو، تم بھارت کے آلہ کار نہ بنو، خیبر پختونخوا کے غیور، بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں، آج دوبارہ وقت آگیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ڈی جی آئی ایس پی آر خیبر پختونخوا پاک فوج
پڑھیں:
توہینِ مذہب مقدمات میں الزامات کی نوعیت مشکوک؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایف آئی اے پر شدید اظہارِ برہمی، تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کی تجویز
اسلام آباد(ابراہیم عباسی)اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ مذہب کے مقدمات میں لگائے گئے الزامات کی نوعیت اور ان پر ہونے والی تفتیش کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کی تفتیشی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھائے اور کئی مقامات پر شدید اظہارِ برہمی کیا۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ توہینِ مذہب کے ان مقدمات میں سزا پانے والے 93 قیدیوں کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں حیران کن طور پر سب کے بیانات ایک جیسے تھے۔ جسٹس سردار اعجاز اس پر حیران ہوئے اور ریمارکس دیے کہ ایک قیدی سندھ سے، ایک لاہور سے اور ایک بلوچستان سے ہے، پھر بھی ان کے بیانات میں اتنا اتفاق کیسے ہو سکتا ہے؟
جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ تمام قیدیوں نے راؤ عبدالرحیم، حسن معاویہ، ایمان اور شیراز فاروقی کے نام لیے، جو اس معاملے میں غور طلب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ HRCP کی رپورٹ ایف آئی اے کو بھیجی گئی، لیکن ایف آئی اے کی طرف سے جو جواب دیا گیا وہ کسی طالبعلم کی تحریر لگتی ہے۔
عدالت نے سوال اٹھایا کہ ایف آئی اے جیسے ادارے کے اعلیٰ افسران نے ایک سنجیدہ نوعیت کی رپورٹ پر نہ تو کوئی باضابطہ ردعمل دیا اور نہ ہی کسی اعلیٰ افسر کو تحقیقات کیلئے مقرر کیا۔ جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ اگر ایک قانونی اور ادارہ جاتی رپورٹ پر بھی صرف آدھے صفحے میں جواب دیا جائے تو ایسی انویسٹی گیشن ایجنسی پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے؟
انہوں نے ریمارکس دیے کہ “یہ کام تو ایک کانسٹیبل بھی کر سکتا ہے، ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔” عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا کسی کیس میں مدعی کے موبائل کا فرانزک کیا گیا؟ اور کیا صرف ویڈیوز اور تصاویر کی بنیاد پر کارروائی شروع کر دی گئی؟
عدالت نے سماعت کے اختتام پر کیس کی مزید کارروائی 10 جولائی تک ملتوی کر دی اور تجویز دی کہ اس سارے معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ سچ عوام کے سامنے آ سکے۔
مزیدپڑھیں:عدالت کا یوٹیوب کو 27 چینلز بلاک کرنے کا حکم