کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات، کمسن بچے سمیت تین افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات کی لپیٹ میں آ گیا، جہاں کمسن بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، یہ واقعات سرجانی ٹاؤن، کورنگی اور اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پیش آئے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے گرین لائن بس اسٹاپ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان احسن زخمی ہو گیا۔
زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب کورنگی سنگر چورنگی سیکٹر 27-C میں ذاتی جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 24 سالہ عبدالقدیر زخمی ہو گیا۔
زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ عوامی کالونی پولیس نے زخمی کا ابتدائی بیان قلمبند کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سب سے افسوسناک واقعہ اورنگی ٹاؤن نمبر 8 کے قریب شاداب گراؤنڈ کے نزدیک پیش آیا، جہاں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈھائی سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
چھیپا ذرائع کے مطابق کمسن بچے کی شناخت معاویہ ولد راحیل کے نام سے ہوئی ہے جسے سینے اور ہاتھ پر گولیاں لگیں۔ بچہ اپنے والد کے ہمراہ تھا جب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی۔
چھیپا رضا کاروں نے بچے کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
میرب علی سرجری کے بعد اسپتال منتقل، مداحوں سے صحت یابی کی دعاؤں کی اپیل
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل میرب علی نے حال ہی میں اپنی صحت سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں انگلی کے مسئلے کے باعث سرجری کروانا پڑی، جس کے بعد وہ اسپتال میں زیرِ علاج رہیں۔
میرب علی نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو اپنی طبی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اداکارہ کے مطابق ان کی ایک انگلی میں حرکت محدود ہو گئی تھی اور وہ بار بار لاک ہو جاتی تھی، جس کے باعث روزمرہ امور انجام دینا مشکل ہو رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ماہر امراضِ جوڑ (رہیومیٹولوجسٹ) اور نیورولوجسٹ نے انہیں صحت مند قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں آرتھوپیڈک سرجن نے مکمل معائنے کے بعد سرجری تجویز کی۔
میرب علی کے مطابق انہیں توقع تھی کہ یہ ایک معمولی اور مختصر نوعیت کا آپریشن ہوگا، لیکن سرجری ان کی توقع سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور وقت طلب ثابت ہوئی۔ یہ آپریشن کراچی کے آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں انجام دیا گیا، جہاں انہوں نے علاج کے دوران اپنی ایک ویڈیو بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
View this post on Instagramاداکارہ نے بتایا کہ سرجری کے بعد اب وہ بتدریج صحت یاب ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے دوستوں، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
شوبز شخصیات میں مایا خان، درفشاں سلیم، ثناء فہد اور رابعہ کلثوم سمیت متعدد فنکاروں نے میرب علی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکارہ کو آرام کرنے اور موبائل فون کے زیادہ استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تاکہ انگلی پر مزید دباؤ نہ پڑے۔
بعض مداحوں کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی طبی شکایت بعض اوقات کھیلوں یا ہاتھوں کے مسلسل استعمال کے باعث بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اداکارہ کی جانب سے صحت سے متعلق یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد مداح ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔