کیپٹن کرنل شیرخان (نشان حیدر) کا 26واں یوم شہادت آج : فوجی قیادت کا خراج عقیدت
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے کیپٹن کرنل شیرخان کا 26واں یوم شہادت آج منایا جائیگا۔ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف ائر سٹاف، چیف آف نیول سٹاف اور پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیرخان شہید کو تہہ دل سے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 1999ء میں کارگل کے معرکے کے دوران غیر متزلزل جرات اور حب الوطنی کی علامت کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جس بے مثال بہادری کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا وہ مسلح افواج اور قوم کیلئے ابدی الہام کا سرچشمہ ہیں۔ عسکری قیادت سمیت پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے ہیرو کو سلام پیش کرتے ہوئے تمام خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کیپٹن کرنل
پڑھیں:
جنوبی افریقن ایئر چیف کی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچے جہاں معزز مہمان کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایئرچیف لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور فوجی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معزز شخصیات نے افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے عملی اقدامات پر گفتگو کی، جبکہ عالمی و علاقائی جغرافیائی سیاسی منظرنامے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے جنوبی افریقی مہمان کو خطے کی سکیورٹی صورتحال پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔