جنوبی افریقن ایئر چیف کی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ نے ملاقات کی ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچے جہاں معزز مہمان کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایئرچیف لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور فوجی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معزز شخصیات نے افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے عملی اقدامات پر گفتگو کی، جبکہ عالمی و علاقائی جغرافیائی سیاسی منظرنامے پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے جنوبی افریقی مہمان کو خطے کی سکیورٹی صورتحال پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبامبو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
خواجہ آصف سے امریکی ناظم الامور‘ برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفارتخانہ کی قائم مقام ناظم الامور نٹالی بیکر نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور‘ دوطرفہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان احترام ،استحکام اورمشترکہ مقاصد پر مبنی تعلقات ہیں۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا‘ افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی۔ علاوہ ازیںوزیر دفاع خواجہ آصف سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کو باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دفاعی اور سٹرٹیجک امور میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کا موقع ملا ‘دوطرفہ تعلقات سمیت متعدد شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ ملاقات میں پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازوں میں اضافے ،فضائی رابطے بڑھانے کیلئے اضافی ایئرلائنز شامل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔