دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 4 روز سے بجلی معطل، پچاس فیصد کراچی پانی سے محروم
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر چار روز سے بجلی کی طویل بندش کے باعث کراچی میں پانی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی فراہم کرنے والے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی طویل بندش نے شہر میں پانی کا نطام درہم برہم کر دیا۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے بڑے حصے پر 100 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود پیر کی رات تک بجلی بحال نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے شہر کو 35 کروڑ گیلن سے زائد پانی فراہم نہیں کیا جا سکا۔
پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کا ایک بہت بڑا حصہ پانی سے محروم ہوگیا۔ واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤنز ہو رہے ہیں بجلی کے تعطل کی وجہ سے شہر میں پانی کی فراہمی میں شدید دشواری اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ مرمتی کام جاری ہے ۔
پانی کی بندش اور فراہمی نہ ہونے کیوجہ سے شہریوں کو انتہائی مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں یومیہ پانی کی طلب ایک ارب بیس کروڑ گیلن ہے جبکہ واٹر کارپوریشن کے پاس رسد 65 کروڑ ہے لیکن اس میں سے شہر کو 55 کروڑ گیلن ہی پانی ملتا ہے اور کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کے باعث گزشتہ 4 دن سے نہیں مل۔
26 جون رات 10 بجے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن آیا جس کی وجہ سے بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا جو پیر کی رات تک تک بحال نہیں ہوسکا۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال نہ ہونے کیوجہ سے شہر کا 50 فیصد سے زائد کا حصہ پانی سے محروم ہوگیا۔ کورنگی ، لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی ، گلشن اقبال ، اسکیم 33 ، گلستان جوہر ، فیڈرل بی ایریا ، ملیر، لیاقت آباد ، ناظم آباد ، پی آئی بی کالونی ، محممود آباد ، لائنز ایریا ، اولڈ سٹی ایریا ، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے۔
لائن میں پانی نہ آنے کی وجہ سے شہری ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کر رہے ہیں۔ واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 100 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے شہر کو 35 کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں ہوسکا ڈملوٹی پمپنگ اور این ای کے پمپنگ اسٹینشز پر بجلی کا بار بار تعطل آرہا ہے، وولٹیج اپ ڈاؤن اور لائٹ کی بار بار بندش اور بحال سے بھی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کی وجہ سے شہر میں پانی بحال نہ پر بجلی پانی کی
پڑھیں:
کراچی، عزیز آباد بلاک 2 پانچ ماہ سے پانی سے محروم، علاقہ مکین سراپا احتجاج
کراچی:شہر قائد کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 کے مکین گزشتہ پانچ ماہ سے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ واٹر بورڈ کی مبینہ نااہلی کے باعث نہ صرف رہائشی علاقوں میں پانی بند ہے بلکہ مساجد بھی پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں، جس پر علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کیا اور واٹر بورڈ کے خلاف نعرے بازی کی۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ نے بلاک 2 کی پانی کی سپلائی پانچ ماہ قبل بند کر دی تھی، اور اس کے بعد سے وہ ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ شہریوں کے مطابق انہیں اپنے حصے کا پانی بھی خرید کر پینا پڑ رہا ہے، جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
ایک مقامی رہائشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھروں میں جنازے تک ہو جاتے ہیں لیکن پانی نہیں ہوتا۔ نہ وضو کے لیے پانی ہے، نہ غسل کے لیے، یہاں تک کہ مسجدیں بھی پانی سے خالی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واٹر بورڈ نے ان کی لائن کسی اور علاقے کو منتقل کر دی ہے، جس کی وجہ سے پورے بلاک میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
پانی کی عدم فراہمی سے ہزار سے زائد گھر متاثر ہو چکے ہیں، اور ہمیں زبردستی مہنگے داموں ٹینکرز خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عزیز آباد بلاک 2 میں موجود غیر قانونی پانی کے کنکشن فوری ختم کیے جائیں، اور اصل مستحق علاقوں کو ان کا حق دیا جائے۔
علاقہ مکینوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں، تاکہ شہری مزید اذیت کا شکار نہ ہوں۔