data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی مرکزی کمیٹی کے رکن فاروق ستار نے کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے مبینہ بھتہ خوری اور سندھ حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں مزید پریشان کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لوٹنے کا ایک نیا طریقہ اختیار کر لیا ہے اور “نمبر پلیٹس” کے نام پر کراچی ٹریفک پولیس روزانہ لاکھوں روپے کا بھتہ وصول کر رہی ہے،ٹریفک پولیس کی رشوت ستانی اب ایک منظم صنعت کی شکل اختیار کر چکی ہے، جو روزانہ کروڑوں روپے کما کر اوپر تک پہنچاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی ٹریفک پولیس کو وردی کے نام پر کھلی بدمعاشی کرنے کی اجازت نہیں دے گی،شہر میں ٹریفک جام، ڈمپر مافیا کی غنڈہ گردی، اور شہریوں کی جان کو لاحق خطرات پر کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا جب کہ ٹریفک پولیس صرف چالان اور رشوت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “کراچی کی سڑکوں کو موہنجوداڑو جیسا بنا دیا گیا ہے، لیکن چالان امریکا جیسے وصول کیے جا رہے ہیں، سندھ حکومت شہریوں سے ان ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر سفر کرنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اور اگر اب بھی حکومت نے اپنی ناانصافی، کرپشن اور ناقص حکمرانی کا سلسلہ بند نہ کیا تو عوامی ردعمل وہ سیلاب بن جائے گا جو سب حکومتوں کو بہا لے جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ایک نیا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت صوبے میں مخصوص “سندھی نمبر پلیٹ” لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس پر عمل نہ کرنے والے شہریوں کو بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں،حکومت کا کام عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہوتا ہے مگر سندھ حکومت الٹا عوام پر ظلم ڈھا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ایم کیو ایم ہر سطح پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: ٹریفک پولیس ایم کیو ایم فاروق ستار سندھ حکومت حکومت نے عوام کے ایم کی کہا کہ

پڑھیں:

عدالت کو مطمئن کرنے تک ای چالان کے جرمانے معطل کیے جائیں، سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ای چالان کے بھاری جرمانوں کیخلاف ایک اور شہری نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست گزار جوہر عباس نے راشد رضوی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانے انتہائی زیادہ اور غیر منصفانہ ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ سندھ حکومت نے جولائی 2025 میں ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 40 ہزار مقرر کی۔ اس تنخواہ میں راشن، یوٹیلیٹی بلز، بچوں کی تعلیم و دیگر ضروریات ہی پوری نہیں ہوتیں۔

عدالت سے استدعا ہے کہ فریقین کو ہدایت دیں کہ ان جرمانوں کے منصفانہ ہونے پر عدالت کو مطمئن کریں، عائد کیئے گئے جرمانوں کے عمل کو فوری طور معطل کیا جائے۔

درخواست گزار نے کہا کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہے، شہریوں کو سہولت نہیں لیکن ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں، لاہور میں چالان کا جرمانہ 200 اور کراچی میں 5 ہزار روپے ہے، یہ دہرا معیار کیوں ہے؟ چالان کی آڑ میں شناختی کارڈ بلاک کرنے کی دھمکیاں دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ وہ غیر منصفانہ اور امتیازی جرمانے غیر قانونی قرار دے اور حکومت کو شہر کا انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست میں سندھ حکومت، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی ٹریفک، نادرا، ایکسائز و دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر ندیم اعوان نے کراچی میں ای چالان سسٹم کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

متعلقہ مضامین

  • عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے: حافظ نعیم سندھ حکومت کے ای چالان سسٹم کے خلاف بول پڑے
  • عدالت کو مطمئن کرنے تک ای چالان کے جرمانے معطل کیے جائیں، سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
  • یشونت سنہا کی قیادت میں کنسرنڈ سیٹیزنز گروپ کا وفد میرواعظ کشمیر ڈاکٹر عمر فاروق سے ملاقی
  • پیپلزپارٹی نے کراچی کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی‘پی ٹی آئی
  • سڑکیں کچے سے بدتر، جرمانے عالمی معیار کے
  • سندھ حکومت کراچی کی عوام سے زیادتیاں بند کرے، بلال سلیم قادری
  • کراچی پولیس کے ڈرائیوروں کے لیے ای ٹکٹنگ تربیتی مہم کا آغاز
  • کراچی میں ٹریفک چالان سے حاصل رقم صوبے کے زرعی ٹیکس سے بھی زیادہ
  • جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ای چالان کے نام پر شہریوں پر بھاری جرمانوں کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرارہے ہیں
  • کراچی، بھاری بھرکم ای چالان سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج