صنعتی تنازعات کے حل کیلئے 7 شہروں میں این آئی آر سی کورٹس ویڈیو لنک سے منسلک
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
اسلام آباد (صغیر چودھری) صنعتی تنازعات کے حل کیلئے ملک کے 7 شہروں میں قائم این آئی آر سی کورٹس کو ویڈیو لنک سے منسلک کر دیا گیا۔ چیئرمین این آئی آر سی جسٹس( ر) شوکت عزیز صدیقی کی ہدایت پر تمام عدالتوں میں ویڈیو لنک کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ وڈیو لنک کی سہولت کے باعث ججز کے ٹی اے ڈی اے کی مد میں بننے والے لاکھوں روپے بچا لئے گئے۔ ٹی اے ڈی اے کی مد میں بچنے والی لاکھوں روپے کی رقم کو سٹاف کے جوڈیشل الاؤنس میں شامل کیا جائے گا۔ قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے این آئی آر سی کی تمام کورٹس میں زیر التوا کیسز جلد نمٹانے اور عدالتوں کو وڈیو لنک سے منسلک کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ اس سے قبل مقدمات کی پیروی کیلئے ججز کے دیگر شہروں کے سفر، رہائش اور کھانے پینے پر لاکھوں روپے کے اخراجات آ رہے تھے جبکہ سائلین کو بھی کیسز کیلئے دیگر شہروں کے سفر پر ٹرانسپورٹ اور رہائش کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی کو ویڈیو لنک سے منسلک کر کے سائلین اور وکلا کو سہولت فراہم کی گئی۔ دوسرے مرحلے میں سکھر، ملتان، کوئٹہ اور پشاور کو ویڈیو لنک سے منسلک کیا گیا۔ اس سے قبل این آئی آر سی کے مقدمات میں وکلا کو کیسز کی پیروی کیلئے متعلقہ شہر جانا پڑتا تھا۔ اب وکلا این آئی آر سی کے کسی بھی آفس سے دیگر شہروں کی عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کر سکتے ہیں۔ اب وکلا این آئی آر سی کے مقدمات میں اپنے شہر سے وڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکیں گے۔ ادھر مزدوروں، ان کے نمائندوں، وکلا اور مالکان کی طرف سے بھی اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ سات ماہ کی قليل مدت میں این آئی آرسی کے اقدامات کی تعريف اور حصولِ انصاف کی آسانی کو عالمی تنظيموں اور اداروں نے بھی انقلابی اقدام قرار دیا ہے۔
Post Views: 6.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ویڈیو لنک سے منسلک
پڑھیں:
وزیرِاعظم کا وکلاء کو خراجِ تحسین، انڈیپینڈنٹ گروپ کی کامیابی پر مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیپینڈنٹ گروپ اور اس کے سربراہ احسن بھون کو اسلام آباد بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں واضح برتری پر مبارک باد دیتے ہوئے جیتنے والے تمام وکلا کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت کی مضبوطی، انصاف کو یقینی بنانے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نو منتخب نمائندے دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور معاشرے کے لئے ذمہ داری کے گہرے احساس کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے آپ عدلیہ اور قانون کی سر بلندی کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیرِ قانون وکلا کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ مسلسل کوشاں اور ان سے رابطےمیں رہتے ہیں، وکلا برادری نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اصولی مؤقف اپنایا، اصول پر ووٹ دینے کا ثمر کامیابی کی صورت میں ملا۔