راولپنڈی؛ خاتون ایس ایچ او کو رشوت پیش کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 3rd, October 2025 GMT
راولپنڈی:
ریلویز پولیس راولپنڈی کی خاتون ایس ایچ او نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی، خاتون ایس ایچ او کو رشوت پیش کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
ریلویز پولیس اسٹیشن راولپنڈی پر تعینات ایس ایچ او طیبہ انعم نے ملزم کو رشوت پیش کرنے پر فوری گرفتار کرلیا۔
ملزم فضل نے چوری میں ملوث ملزم عمران کو چھڑوانے کی غرض سے ایس ایچ او سے غیر مناسب رویہ بھی اختیار کیا۔
پیرودھائی راولپنڈی کے رہائشی ملزم کو اس عمل سے منع کرنے کے باوجود اس نے ایس ایچ او کو 28ہزار روپے رشوت پیش کی۔ خاتون ایس ایچ او نے دیانتداری اور پیشہ وارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ملزم کو رشوت کی پیشکش پر فوری گرفتار کیا۔
ریلویز پولیس کے مطابق ملزم فضل سلطان کے خلاف تھانہ ریلویز راولپنڈی میں سبق آموز کارروائی شروع کر دی گئی جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خاتون ایس ایچ او رشوت پیش کو رشوت
پڑھیں:
وزیر اعظم کا فلوٹیلا میں اسرائیل کے ہاتھوں گرفتار پاکستانیوں کی واپسی کا مطالبہ
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے گلوبل صمود فلوٹیلا میں اسرائیل کے ہاتھوں گرفتار پاکستانیوں کی واپسی کا مطالبہ کر دیا۔وزیر اعطم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا. جس میں انہوں نے کہا کہ غزہ فلوٹیلا میں پاکستانیوں کی باوقار شرکت کو سراہتا ہوں. مشتاق احمد خان، مظہر سعید، وہاج احمد، اسامہ ریاض، اسماعیل خان، عزیز نظامی، فہد اشتیاق و دیگر پاکستانیوں نے امدادی مشن میں حصہ لیا۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ اقدام پاکستانیوں کی انصاف کیلیے جدوجہد اور مدد کے جذبے کی نمائندگی ہے.حکومت پاکستان انسانی جان کا احترام، محفوظ رسائی اور بلاتعطل امداد کے اصولوں کی حمایت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کی واپسی کا بھرپور مطالبہ کرتی ہے. پاکستانیوں کی سلامتی، وقار اور جلد وطن واپسی کیلیے دعاگو اور کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے فلسطینیوں کیلیے امداد لے جانے والے فلوٹیلا پر دھاوا بول کر کارکنوں کو گرفتار کیا۔ قافلے میں 44 ممالک کے شہری شریک ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حراست میں لیے گئے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ فلوٹیلا میں 44 ممالک سے تعلق رکھنے والے 450 سے زائد انسانی ہمدرد کارکن شامل تھے، جن کا مقصد صرف بے بس فلسطینی عوام کے لیے امداد پہنچانا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج نے متعدد کارکنوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا ہےاور ہم ان کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔انہوں نے گرفتار شدگان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کی امداد ہر صورت ضرورت مندوں تک پہنچنی چاہیے۔