غزہ میں کوئی امریکی فوجی داخل نہیں ہوگا، امریکی سینٹ کام کے سربراہ کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 12th, October 2025 GMT
غزہ: امریکی سینٹ کام (CENTCOM) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے واضح کیا ہے کہ غزہ میں کوئی امریکی فوجی داخل نہیں ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے غزہ جنگ بندی کے بعد علاقے کا دورہ کیا، جس کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ اسرائیلی افواج کا طے شدہ علاقوں سے انخلا مکمل ہوا یا نہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ دورہ غزہ امن معاہدے کے بعد بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا تھا۔
غزہ سے واپسی پر سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ “غزہ امن منصوبے کی نگرانی کے لیے روانہ ہونے والے 200 اہلکاروں میں کوئی امریکی فوجی شامل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “میرا مقصد یہ دیکھنا تھا کہ سینٹ کام کی زیر قیادت سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کس طرح قائم کیا جائے۔ یہ تمام کام امریکی افواج کی موجودگی کے بغیر انجام پائے گا۔
واضح رہے کہ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق غزہ امن معاہدے کی نگرانی کے لیے 200 اہلکاروں پر مشتمل بین الاقوامی فورس تشکیل دی گئی ہے جس میں مصر، قطر، ترکی اور ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کے فوجی شامل ہوں گے۔
دوسری جانب غزہ جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد ہزاروں فلسطینی شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹنے لگے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے انخلا کے بعد امدادی اداروں نے ملبے تلے لاشوں کی تلاش شروع کر دی ہے، اور اب تک 155 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔
اس موقع پر حماس، اسلامی جہاد اور پاپولر فرنٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ غزہ کی گورننس خالصتاً فلسطین کا داخلی معاملہ ہے اور کسی غیر ملکی سرپرستی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے بعد
پڑھیں:
خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کب ہوگا، سلمان اکرم راجا نے تاریخ کا اعلان کردیا
پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پیر (13 اکتوبر) کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں صوبائی وزیر قانون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اجلاس کا شیڈول اسپیکر صوبائی اسمبلی جاری کریں گے، وزیر اعلیٰ گورنر کے ماتحت نہیں کہ وہ وزیر اعلیٰ کے استعفے کی منظوری دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر کو موصول ہوگیا ہے، ٹوئٹ میں گورنر نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق بھی کردی ہے اور گورنر ہاوس نے استعفے کی رسید بھی دی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آرٹیکل 130 شق 8 کے تحت وزیراعلیٰ کو صرف استعفیٰ دینا ہے جس کی منظوری اور نوٹیفکیشن کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ آرٹیکل130شق 8میں استعفے کی منظوری کا کوئی تذکرہ نہیں بلکہ جیسے ہی کوئی آئینی عہدیدار استعفیٰ دیتا ہے تو وہ منظور شدہ تصور ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ گورنر کا کوئی ماتحت افسر نہیں کہ گورنر کو استعفے کی منظوری دینی ہوگی۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پیر کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا جس کا شیڈول اسپیکر صوبائی اسمبلی جاری کریں گے، سہیل آفریدی پرعزم نوجوان ہیں جو صوبے کو نئے جذبہ کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے لیےکوئی نرم گوشہ نہیں رکھتے بلکہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس صوبے میں خون ریزی کا خاتمہ ہوجائے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ نامزد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں نئی کابینہ تشکیل دیں گے جس میں تسلسل بھی ہوگا اور نئے چہرے بھی شامل ہوں گے۔