ایف بی آر میں تعینات گریڈ 20 کا افسر کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر برطرف
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے وزیراعظم کی ہدایت پر کرپشن اور بدعنوانیوں میں ملوث اعلی افسران کے خلاف باقاعدہ کاروائی شروع کرتے ہوئے سینئر افسر کو برطرف کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ایک سینئر افسر کو مبینہ طور پر ریفنڈ کیسز کی پراسیسنگ کے عوض سپیڈ منی لینے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے پیر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 20 کے افسر رانا وقار علی جو اس وقت چیف (ایڈمن پول) ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں تعینات تھے (اور لاہور میں تعیناتی کے فرائض انجام دے رہے تھے)۔
اعلامیے کے مطابق مذکورہ افسر کے خلاف سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت انضباطی کارروائی شروع کی گئی، ان پر غفلتِ منصبی بدعنوانی اور غیر اخلاقی رویےکے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
تحقیقات کے لیے ان لینڈ ریونیو سروس کی گریڈ 21 افسر آمنہ حسن کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا انہوں نے 27 جون 2025 کو اپنی رپورٹ پیش کی جس میں تمام الزامات درست ثابت ہوئے اور پھر مذکورہ افسر کی ملازمت سے برطرفی کی سفارش کی گئی۔
اعلامیے میں مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ سات جولائی 2025 کو رانا وقار علی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، جس کے جواب میں انہوں نے 4 اگست 2025 کو تحریری وضاحت جمع کرائی۔
وزیرِ اعظم نے کیس کی مزید سماعت کے لیے سید ندیم حسین رضوی (گریڈ 22)ڈائریکٹر جنرل ان لینڈ ریونیو سروس اکیڈمی لاہور کو کیس کی سماعت کیلئے ہیئرنگ آفیسر مقرر کیا جنہوں نے یکم ستمبر 2025 کو رانا وقار علی کو ذاتی سماعت کا موقع دیا اور تمام ریکارڈ، انکوائری رپورٹ اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیرِ اعظم نے رانا وقار علی پر سروس سے برطرفی کی بڑی سزا عائد کر دی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ رانا وقار علی کو سول سرونٹس (اپیل) رولز 1977 کے تحت فیصلے کے بعد 30 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ٹی ایل پی ملین مارچ؛ جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس چوتھے روز بھی بند
راولپنڈی:تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ملین مارچ کے معاملے پر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مابین چلنے والی میڑو بس سروس مسلسل چوتھے روز بھی بند ہے۔
میڑو بس سروس کو 9 اکتوبر کی شام 5 بجے بند کیا گیا تھا۔
دفاتر و تعلیمی ادارے کھلنے و کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد میڑو بس سروس بند ہونے سے شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ میڑو بس اتھارٹی کے مطابق ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے میڑو بس سروس کھولنے کے حوالے سے کوئی ہدایت نہیں ملی، جیسے ہی انتظامیہ کی جانب سے کلیئرینس ملے گی میڑو بس سروس کو بحال کر دیا جائے گا۔