سلیم کوثر کے اعزاز میں ادبی دنیا کی شاندار شام
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
کراچی میں اردو ادب کی فضا اُس وقت خوشبو سے مہک اٹھی جب بزمِ رابطہ کے زیر اہتمام اردو کے معتبر اور محبوب شاعر سلیم کوثر کے اعزاز میں سال کی سب سے بڑی اور یادگار ادبی تقریب ’’اعترافِ کمالِ سلیم کوثر‘‘کے عنوان سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں اردو کے بڑے ناموں نے شرکت کی جن میں زہرہ نگاہ، ظفر اقبال، انور مسعود، سحر انصاری، ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، صابر ظفر اور خود سلیم کوثر شامل تھے۔ اس موقع پر سرحد پار سے بھی اردو کے ممتاز شعرا — منظر بھوپالی، طاہر فراز، فراست رضوی اور جاوید صبا — کراچی پہنچے اور اپنے دل کی گہرائیوں سے سلیم کوثر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پندرہ برس بعد سلیم کوثر کو اپنے درمیان پا کر حاضرین جذباتی ہو گئے۔ جب وہ اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے تو پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ یہ وہ لمحہ تھا جو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ حاضرین نے کھڑے ہو کر شاعر کا استقبال کیا، گویا ہر تالی میں محبت، عقیدت اور شکریہ چھپا تھا۔
تقریب میںاعترافِ کمال ایوارڈ پیش کرتے ہوئے ان کے فن، لب و لہجے اور زبان کی لطافت کو سراہا گیا۔ جذبات اپنے عروج پر اُس وقت پہنچے جب سلیم کوثر نے اپنا شہرۂ آفاق شعر سنایا
> سرِ آئینہ مرا عکس ہے، پسِ آئینہ کوئی اور ہے
یہ شعر ختم ہوا، اور ہر آنکھ نم ہو چکی تھی — جیسے ہر دل نے اس مصرعے میں اپنا کوئی عکس پا لیا ہو۔
بعد ازاں ایک بھرپور مشاعرہ منعقد ہوا، جہاں ملک و بیرونِ ملک سے آئے شعرا نے اپنا کلام سنایا اور سامعین سے خوب داد سمیٹی۔ محفل کا رنگ، جذبات کی گہرائی، اور شعری لطف دیر تک شرکاء کے دلوں میں گونجتا رہا۔
تقریب کی میزبانی معروف شاعروجیہ ثانی اور صائمہ علوی نے خوبصورتی سے انجام دی۔ یہ شام اردو شاعری اور سلیم کوثر کے چاہنے والوں کے لیے ایک ایسا لمحہ ثابت ہوئی جو وقت کے صفحوں پر ایک خوبصورت یاد بن کر ثبت ہو گئی۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سلیم کوثر
پڑھیں:
اسلام آباد میں گلاسگو 2026 دولتِ مشترکہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب
برطانوی ہائی کمیشن نے گلاسگو 2026 دولتِ مشترکہ کھیلوں کے آغاز کی مناسبت سے اسلام آباد میں ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا، جس میں کھیل، حکومت، سول سوسائٹی، میڈیا اور دولتِ مشترکہ کے سابق اسکالرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
گلاسگو میں 23 جولائی سے 2 اگست 2026 تک منعقد ہونے والے دولتِ مشترکہ کھیلوں میں 74 رکن ممالک اور خطوں کے تقریباً 3 ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ مقابلوں میں 10 مختلف کھیل شامل ہیں، جن میں 6 پیرا اسپورٹس بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دولت مشترکہ میں خدمات سرانجام دینے والی بلی کو نئی ذمہ داریاں مل گئیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ دولتِ مشترکہ کھیل صرف تمغے جیتنے کا مقابلہ نہیں بلکہ یہ مختلف قوموں کو قریب لانے، صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے ذریعے معاشروں کو متحد کرنے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ شاندار رہی ہے اور پاکستانی کھلاڑی آج بھی نوجوان نسل کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔ انہوں نے برطانیہ، پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے درمیان مضبوط تعلقات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
تقریب میں دولتِ مشترکہ اسکالرشپس اور فیلوشپس پروگرام کو بھی اجاگر کیا گیا، جس کے ذریعے گزشتہ 60 برس سے مختلف رکن ممالک کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
استقبالیے سے قبل برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے ان نوجوان رہنماؤں کو بھی اعزازات سے نوازا، جنہیں “ملکہ الزبتھ دوم کامن ویلتھ ٹرسٹ 100 ینگ لیڈرز ایوارڈز” کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
اعزاز حاصل کرنے والوں میں پاک جی پی ٹی کی شریک بانی فرح گل رہوجہ شامل ہیں، جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ محروم طبقات کی مدد کر رہی ہیں۔ امید فاؤنڈیشن کے بانی حسن اشرف کو محنت کش بچوں اور پسماندہ طبقات کے لیے مفت تعلیم کے فروغ پر سراہا گیا، جبکہ گرلز یونائیٹڈ فار ہیومن رائٹس کی بانی ہادیقہ بشیر کو کم عمری کی شادی کے خاتمے، صنفی تشدد کے خلاف جدوجہد اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ پر اعزاز دیا گیا۔ اسی طرح آئی ایس وائی ڈی کے بانی جوشوا دلاور کو نوجوانوں کی شمولیت، صحت میں مساوات، صنفی برابری اور سماعت سے محروم نوجوانوں کی تربیت کے شعبے میں خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق گلاسگو 2026، برطانیہ کی جانب سے 2014 میں گلاسگو اور 2022 میں برمنگھم میں کامیاب دولتِ مشترکہ کھیلوں کے انعقاد کی روایت کو آگے بڑھا رہا ہے، جبکہ اس تقریب کا مقصد کھیل، تعلیم اور نوجوان قیادت کے ذریعے دولتِ مشترکہ ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسلام اباد برٹش ہائی کمیشن پاکستان دولت مشترکہ