پنجگور میں فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
کوئٹہ:
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان اسمبلی کے رکن رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ جاں بحق ہو گئے۔
ایس پی پنجگور کے مطابق واقعہ پنجگور کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ولید صالح بلوچ کو ان کے گھر کے سامنے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مکران ڈویژن اور ڈی آئی جی مکران سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے ولید صالح بلوچ کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق ولید صالح کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: صالح بلوچ ولید صالح
پڑھیں:
بنوں میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان اور 2 پولیس اہلکار شہید
حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد زخمی اہل کاروں سے اسلحہ چھین لیا اور گاڑی کو نذر آتش کرکے فرار ہو گئے
بنوں کے علاقے میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آکر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان اور 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بنوں میں میران شاہ روڈ فلور ملز کے قریب مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر حملہ کیا، نامعلوم مسلح افراد زخمی پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی لے گئے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ شہید اور زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔
قبل ازیں اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور ایک ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔