ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان کو شکست، سری لنکا فائنل میں پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 27th, November 2025 GMT
راولپنڈی(نیوزڈیسک)سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر 29 نومبر کو شیڈول فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان ٹیم سری لنکا کے 184 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی، سلمان علی آغا کی 44 گیندوں پر 63 رنز کی عمدہ اننگز بھی پاکستان کو ہار سے بچا نہ سکی۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، صائم ایوب اور محمد نواز 27،27 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، صاحب زادہ 9، فہیم اشرف 7 اور فخر زمان ایک رن پر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم ایک بار پھر صفر پر واپس ڈگ آؤٹ لوٹ گئے۔
سری لنکا کی طرف سے دشمانتھا چمیرا نے 20 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایشان مالینگا 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، سری لنکا کی طرف سے کامل میشارا نے شاندار 48 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی۔وکٹ کیپر بیٹر کوسال مینڈس نے 40 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا، جنیتھ لیالانگے 24 اور کپتان داسن شناکا 17 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔
پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے 28 رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سلمان علی آغا کی قیادت میں صائم ایوب، بابر اعظم، صاحب زادہ فرحان اور عثمان خان ٹیم میں شامل ہیں، فخر زمان، محمد نواز، فہیم اشرف، وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور ابرار احمد بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
.
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مورال بلند ہے انشاء اللہ فائنل جیتیں گے: صائم ایوب
پاکستان ٹیم کے اوپنر بیٹر صائم ایوب کہتے ہیں کہ ٹیم کا مورال بلند ہے انشاء اللہ فائنل جیتیں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ ٹیم کو فائنل جتاوں۔
راولپنڈی میں سری لنکا کےخلاف کھیلے گئے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز صائم ایوب نے پریس کانفرنس کی۔
گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بڑے چھوٹے میچ کی بات نہیں،یہی ڈسکس ہوا ہمارا میچ اہم ہے۔ہمارا سکور اچھا تھا ،کریڈٹ سری لنکا باؤلر کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے انشاءاللہ فائنل جیتیں گے ۔وہ چاہتے ہیں کہ ٹیم کو فائنل جتائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے لحاظ سے بہتری آئی ہے، گراف اوپر جارہا ہے۔بیٹنگ باؤلنگ فیلڈنگ بہتر ہورہی ہے۔ امید ہے فائنل میں ٹیم اچھا کھیلے گی۔