دبئی میں ڈلیوری بائیکس کیلئے نئی ٹریفک پابندیاں عائد کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 20th, October 2025 GMT
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز نے ڈلیوری بائیکس کے لیے تیز رفتار سڑکوں پر نئی ٹریفک پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو یکم نومبر 2025ء سے نافذ ہوں گی۔ سرکاری اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق نئے ضوابط کے تحت پانچ یا اس سے زیادہ لین والی سڑکوں پر ڈلیوری رائیڈرز کو بائیں جانب کی دو لین استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تین یا چار لین والی سڑکوں پر وہ سب سے بائیں لین استعمال نہیں کرسکیں گے، تاہم دو یا کم لین والی سڑکوں پر ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، آر ٹی اے اور دبئی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ جن کمپنیوں کے رائیڈرز مقررہ لینز کی پابندی کریں گے، انہیں "ڈیلیوری سیکٹر ایکسی لینس ایوارڈ" کے تحت اعزاز دیا جائے گا، یہ اقدام بہتر خدمات، ٹریفک سلامتی اور قانون کی پاسداری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنائے گا۔
(جاری ہے)
آر ٹی اے کے ٹریفک اینڈ روڈز ایجنسی کے سی ای او حسین البنّا نے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی و نجی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ ڈلیوری رائیڈرز کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے، ڈلیوری کا شعبہ دبئی کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور خدمات کے معیار کے ساتھ ساتھ صحت و سلامتی کے عالمی معیار کو فروغ دیتا ہے، یہ اقدام دبئی اکنامک ایجنڈا ’ڈی33‘ کے اہداف کے مطابق ہے، جس کا مقصد آئندہ برسوں میں دبئی کی معیشت کو دوگنا کرنا اور قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں ڈلیوری سیکٹر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اسی لیے آر ٹی اے نے تکنیکی مطالعوں اور عالمی معیار کے مطابق یہ ضابطے تیار کیے ہیں، دبئی پولیس اور محکمہ معیشت و سیاحت کے ساتھ مل کر نگرانی کی جائے گی تاکہ رائیڈرز کی جانب سے بائیں لین کے استعمال پر پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے، سڑکوں کے سائن بورڈز پر واضح نشانات لگائے جائیں گے تاکہ بائیکس کے لیے مخصوص اور ممنوعہ لینز کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس حوالے سے آر ٹی اے کا کہنا ہے کہ عوامی آگاہی کے لیے مختلف میڈیا اور اشتہاری پلیٹ فارمز کے ذریعے مہم چلائی جائے گی، جس میں دبئی میں کام کرنے والی ڈلیوری کمپنیوں کو بھی شامل کیا جائے گا، دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف برائے آپریشنز میجر جنرل سیف محیر المزروعی نے کہا کہ یہ فیصلہ آر ٹی اے اور پولیس کے درمیان شراکت داری کا نتیجہ ہے جو دبئی ٹریفک سیفٹی اسٹریٹیجی کے مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ پانچ سالہ روڈ سیفٹی پلان کا حصہ ہے جس میں چار بنیادی ستون ہیں جن میں نگرانی اور نفاذ، سڑکوں اور گاڑیوں کی انجینئرنگ، ٹریفک آگاہی اور نظام و انتظام شامل ہیں، ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے رائیڈرز پر پہلی بار 500 درہم، دوسری بار 700 درہم جرمانہ اور تیسری خلاف ورزی پر پرمٹ معطل کر دیا جائے گا، اسی طرح 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی صورت میں پہلی بار 200، دوسری بار 300 اور تیسری بار 400 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ پولیس کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ 2024ء میں ڈلیوری بائیکس سے متعلق 854 حادثات رپورٹ ہوئے، 2025ء میں ان کی تعداد بڑھ کر 962 ہوگئی، گزشتہ سال ڈلیوری رائیڈرز کے خلاف 70 ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیاں درج کی گئیں جو رواں سال کے پہلے نو مہینوں میں بڑھ کر 78 ہزار 386 ہو چکی ہیں، المزروعی نے کہا کہ موٹرسائیکلیں سب سے زیادہ خطرناک سواریوں میں شمار ہوتی ہیں کیونکہ ان میں حفاظتی ڈھانچہ نہیں ہوتا، تیز رفتاری والی لینز پر بائیکس کی پابندی حادثات میں کمی اور ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے میں مدد دے گی۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے دبئی پولیس سڑکوں پر آر ٹی اے کے ساتھ جائے گا
پڑھیں:
لاہور:نوازشریف آئی ٹی سٹی میں امپیریل کالج لندن کاکیمپس قائم کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی، سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایمپیریل کالج لندن کا مقامی کیمپس نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جائے گا جس کا سنگ بنیاد رواں سال نومبر میں رکھا جائے گا۔ کیمپس میں 300 بیڈ پر مشتمل جدید ترین اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت دی کہ دریائے راوی پر روڈا پرائمری بند ممکنہ سیلاب سے قبل مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تمام فیوچر پراجیکٹس کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے سہ ماہی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ روڈا فیز ون کی تکمیل کے لیے دو سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے روڈا کا قابلِ عمل بزنس پلان بھی طلب کر لیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ راوی بند بننے سے لاہور سیلاب کے خطرے سے محفوظ ہوجائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انٹرٹینمنٹ سٹی میں چین اور ترکیہ کی کمپنیوں نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، ڈی او ایف روبوٹک اور یو بینڈ پلیژر کمپنیوں نے تھیم پارک میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے، جہاں 80 سیٹر فلائنگ تھیٹر بھی تعمیر کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ سیلیکون سٹی، یونیورسٹی بلاک، اے ایس ٹی آر اے بلاک اور فلم سٹی میں مختلف بین الاقوامی اداروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر 78 فیصد مکمل کر لی گئی ہے جبکہ راوی سٹی پاکستان کا پہلا مکمل گرین سٹی ہوگا۔