آسٹریلیا میں شارک کا خوفناک حملہ، خاتون جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساوتھ ویلز میں شارک کے حملے کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک خاتون ہلاک جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ کائلز بیچ پر پیش آیا۔ حکام کے مطابق خاتون پر حملہ اتنا اچانک اور شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ زخمی شخص کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹوں کے مطابق حملہ ایک بڑی بُل شارک نے کیا۔ حادثے کے بعد ساحل کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ رواں سال آسٹریلیا میں شارک حملوں کے کم از کم پانچ واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے بعد ساحلی علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور نگرانی کے نظام سے متعلق سوالات مزید بڑھ گئے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
لاہور: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید، ایک شدید زخمی
لاہور کے علاقے لوئر مال میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ریت سے بھری تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل محمد صفدر اور کانسٹیبل محمود کارپوریشن چوک پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اچانک بے قابو ٹریکٹر ٹرالی ان پر چڑھ دوڑی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کانسٹیبل محمد صفدر جانبر نہ ہو سکے، جبکہ کانسٹیبل محمود کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، تاہم ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
شہید کانسٹیبل کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات ہر زاویے سے کی جا رہی ہیں۔