بحیرہ عرب میں کم دباؤ شمال مغرب کی جانب بڑھ گیا، کراچی سے فاصلہ مزید کم
اشاعت کی تاریخ: 26th, October 2025 GMT
کراچی:
محکمہ موسمیات پاکستان نے بحیرہ عرب میں بننے والے کم دباؤ کے باعث پانچویں ٹروپیکل سائیکلون واچ جاری کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا یہ دباؤ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال مغرب کی جانب بڑھا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ دباؤ کراچی کے جنوب، جنوب مشرق میں تقریباً 936 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جب کہ ممبئی (بھارت) سے اس کا فاصلہ تقریباً 700 کلومیٹر ہے۔
ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ نظام مزید منظم ہو کر شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ تاہم فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ تبدیلی کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ملک کے بڑے شہروں میں اسموگ کی خطرناک صورت حال ہوسکتی ہے، ایڈوائزری جاری
محکمہ موسمیات نے اسموگ کی سطح میں اضافے کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں ملک میں اسموگ کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، اسموگ دھویں اور دھند کا مجموعہ ہے اور نومبر سے دسمبر کے وسط تک صورتحال بنتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کو اپنے بڑے شہروں میں اسموگ کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، حالیہ مستحکم موسمیاتی حالات کی وجہ سے اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
صنعتی آلودگی، گاڑیوں کے اخراج، اور موسم کے سازگار نمونوں کا امتزاج فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے،اسموگ آنے والے دنوں میں صحت عامہ اور ماحولیات کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
ماحول میں نقصان دہ آلودگیوں کے جمع ہونے میں معاون ثابت ہوں گے، ساکت ہوائیں، کم درجہ حرارت اور نمی آلودگیوں کو منتشر ہونے سے روک سکتی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں اسموگ کی اثرات زیادہ اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
اسموگ کی سطح میں اضافہ سانس کی بیماریوں، دمہ کے کیسز اور آلودگی سے متعلق دیگر صحت کے مسائل میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، بچے، بوڑھے، اور پہلے سے موجود صحت کے مسائل سےدوچار افراد اسموگ کی وجہ سے زیادہ خطرے میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خراب ہوا کا معیار سڑکوں پر حد نگاہ کو کم کرنے کا سبب بن سکتا ہے، جس سے ٹریفک حادثات کےخدشات بڑھ جاتے ہیں۔