ہم پاکستان کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں، علی لاریجانی
اشاعت کی تاریخ: 26th, November 2025 GMT
عاصمہ شیرازی کو دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایرانی عوام کیلیے بہت عزیز اور قابل احترام ہے۔ اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے ڈائریکٹر علی لاریجانی اس وقت پاکستان میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اعلیٰ ملکی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی۔ اسی دوران انہوں نے معروف صحافی عاصمه شیرازی کو ایک انٹرویو دیا۔ انٹرویو کے حوالے سے علی لاریجانی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس ایک ٹویٹ پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ محترمہ عاصمہ شیرازی نے دوران انٹرویو مجھ سے پوچھا کہ پاکستان اور بھارت، نیز پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن قائم کرنے کے لیے آپ کیا کرنے کو تیار ہیں؟۔ میں نے جواب دیا کہ پاکستان، ایرانی عوام کے لیے بہت عزیز اور قابل احترام ہے۔ ہم ان مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے لئے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ علی لاریجانی کا یہ انٹرویو آئندہ شب بروز جمعہ بوقت 8 بجے شام اسلام آباد کے مقامی وقت پر نشر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ نے اس دورے میں پاکستان کے وزیر اعظم، صدر، وزیر خارجہ، قومی اسمبلی کے اسپیکر، اور آرمی چیف سے ملاقاتیں و بات چیت کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسلام آباد میں واقع ایرانی سفارت خانے میں علاقائی و بین الاقوامی، امن و سلامتی کے تھنک ٹینکس اور ماہرین کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب بھی کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعاون میں کسی حد کے قائل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے حکم پر، سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل، ایران اور پاکستان کے درمیان تمام اقتصادی رکاوٹیں اور پابندیاں ختم کرے گی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل علی لاریجانی پاکستان کے انہوں نے
پڑھیں:
رکاوٹیں نہ ہوتیں تو آج پاکستانی ایرانی گیس استعمال کر رہے ہوتے: علی لاریجانی
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی—فائل فوٹوایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان سے گیس پائپ لائن معاہدے کی اپنی ذمے داریاں پوری کر چکا، سرحد تک لائن مکمل ہے، اگر رکاوٹیں نہ ہوتیں تو آج پاکستانی گھرانے ایرانی گیس استعمال کر رہے ہوتے، امید ہے کہ گیس پائپ لائن کے معاملے میں جلد حل نکل آئے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، جب بھی پاکستان کہے گا تعاون کریں گے، پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا، پاکستانی قوم اور حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات ہمارے لیے تشویش کا باعث ہیں، جن کے حل کے لیے ہر راستہ اختیار کریں گے، فلسطین پر ایران کی تجویز واضح ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام کو کھلے انتخابات کے ذریعے اپنا نظامِ حکومت خود منتخب کرنا چاہیے، امریکی تجاویز وقتی حل دیتی ہیں لیکن بڑے مسائل کو جنم دیتی ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ بین الاقوامی امن فورس جیسے حل دیرپا نہیں ہوتے، یہ مزید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، پاکستان کا غزہ میں کسی فورس میں شمولیت کا فیصلہ خود پاکستان پر منحصر ہے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی سے سوال کیا کہ پاکستان کی طرف سے ایران اور امریکا میں صلح کی کوششوں کو کس نگاہ سے دیکھتے ہیں؟
علی لاریجانی نے جواب دیا کہ پاکستان کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے، ایران پاکستان کی ہر تعمیری پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان نے مختلف مواقع پر مل بیٹھنے کی پیشکش کی، ہم ایسے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی مثبت اور تعمیری مصالحتی کوشش کا خیر مقدم کرے گا، ایران اور پاکستان کا باہمی تعاون درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، دونوں ممالک کا مشترکہ عزم ہے کہ خطے سے دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کیا جائے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدامات کے لیے مؤثر میکینزم بنایا ہے، ایران اور پاکستان مل کر ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہیں۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی خطے کے امن اور استحکام کے لیے بڑا چیلنج ہے، مشترکہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہیں۔