بلوچستان حکومت کے اتحادیوں کا اجلاس، وزیراعلیٰ پر اظہار اعتماد
اشاعت کی تاریخ: 28th, November 2025 GMT
ڈی جی پی آر کے مطابق اتحادیوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی استحکام کیلیے مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت اور اراکین اسمبلی کی بڑی بیٹھک آج وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ جس میں اہم سیاسی و حکومتی امور پر تفصیلی غور و فکر کیا گیا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سلیم خان کھوسہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ طارق مگسی، صادق سنجرانی اور عوامی نیشنل پارٹی کے انجینئر زمرک خان اچکزئی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی آر بلوچستان کے بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں اتحادی قیادت نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی استحکام کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بلوچستان میں قیام امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مزید بہتری کے لیے قابل عمل تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
ڈی جی پی آر کے مطابق شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تیزی، شفاف گورننس اور عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ان کے ثمرات کو براہ راست عام آدمی تک پہنچانے کے لیے مربوط اور عملی لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ سیاسی ہم آہنگی اور مضبوط پارلیمانی رابطے صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ صوبے کی ترقی اور امن کے لیے تمام اتحادی یکجا ہیں، یہی ہمارا اصل وژن اور اصل قوت ہے۔ اتحادی جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز نہایت قابل قدر اور خوش آئند ہیں۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے میں امن اور ترقی کے ایجنڈے پر تمام اتحادی جماعتوں کی یکجہتی خوشگوار سیاسی ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔ اجلاس ایک متفقہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ صوبے کے عوام کی فلاح، امن کے استحکام اور ترقیاتی پروگراموں کی تکمیل کے لیے مشترکہ کاؤشیں جاری رکھی جائیں گی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: لیے مشترکہ اجلاس میں کے لیے
پڑھیں:
ایاز صادق سے سرفراز بگٹی کی ملاقات، وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی تردید
ملاقات میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ سرفراز بگٹی کو بطور وزیراعلیٰ تبدیل نہیں کرنے جا رہے ہیں۔ بلوچستان میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی اقدامات، عوامی فلاحی منصوبوں اور وفاقی حکومت کے تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ سرفراز بگٹی کو بطور وزیراعلیٰ تبدیل نہیں کرنے جا رہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی کو تبدیل کیے جانے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور سیاسی استحکام کے لئے صوبے میں قائم اتحادی حکومت اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطوں میں اضافہ عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایاز صادق نے بلوچستان میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے لیے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی خدمات اور ایوان کی کارروائی کو موثر انداز میں چلانے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑ رہے ہیں اور پارلیمان صوبوں کی مضبوط آواز ہے۔